• news

ندیم انجم ڈی جی آئی ایس آئی، فیض حمید کور کمانڈر پشاور


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج میں اعلی سطح پر تبدیلیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پر آر) کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کردیا گیا ہے۔ ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ جب کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو کوآرٹر ماسٹر جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کور کمانڈر کراچی اور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی تعینات کئے گئے ہیں۔ میجر جنرل عاصم ملک کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر انہیں پاک فوج کا ایڈجوٹنٹ جنرل تعینات کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی ذمہ داریاں تفویض کئے جانے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیراعظم عمران خان سے الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کی خدمات کی تعریف کی اور نئی پوسٹنگ پر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو جون 2019 ء میں ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن