• news

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سنٹرل پنجاب نے سندھ کو شکست دیدی 

لاہور(سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے لاہور میں دوسرے مرحلے میں انیسویں میچ میں سنٹرل پنجاب نے سندھ کو 8وکٹوں سے شکست دیدی ۔ سنٹرل پنجاب کے بابر اعظم کی جگہ تعینات کپتان حسن علی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ سندھ ٹیم نے 7وکٹوں کے نقصان پر 128رنز بنائے ۔ خرم منظور دو‘شرجیل خان صفر ‘احسن علی تئیس ‘سعود شکیل پانچ ‘کپتان سرفراز احمد چون ‘دانش عزیز بیس ‘انور علی بیس اور زاہد محمود ایک رن بناکر آئوٹ ہوئے ۔ فہیم اشرف اور حسن علی نے دودو ‘وہاب ریاض اور عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے ہدف دو وکٹوںپر 15.4اوورز میں پورا کرلیا ۔ احمدشہزاد بیس ‘کامران اکمل ایک رن بناکرآئوٹ ہوئے ۔ حسین طلعت 68اور شعیب ملک 40رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ میر حمزہ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ حسین طلعت کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ چیف ٹریفک آفیسر منتظر مہدی نے کہا ہے کہ لاہور میں ہونے والے نیشنل ٹی 20 کپ کے پیش نظر کسی بھی سڑک کو ٹریفک کیلئے بند نہیں رکھا جائیگا، ٹیموں کی موومنٹ کے دوران چندمنٹ کیلئے ٹریفک بند رہے گی۔ شائقین کرکٹ کیلئے 3 پارکنگ سٹینڈز قائم کئے گئے ہیں، جام شیریں پارک، لبرٹی پارکنگ اور ایل ڈی اے پلازہ میں پارکنگ کا انتظام ہوگا۔ شائقین کو شٹل بس سروس کے ذریعے قذافی سٹیڈیم پہنچایا جائے گا۔دوسرے میچ میں سدرن پنجاب نے ناردرن کو 4وکٹوں سے ہرا دیا ۔ سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ ناردرن نے 5وکٹوں پر 211رنز بنائے ۔ حیدر علی نے 72رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلی۔ عماد وسیم نے اٹھارہ گیندوںپر چالیس رنز بنائے ۔ ضیاء الحق نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ سدرن پنجاب نے ہدف 19.5اوورز میں 6وکٹوں پر217رنز بناکرپورا کرلیا۔ مین آف دی میچ آغا سلمان نے ناقابل شکست 68رنز بنائے ۔ کپتان عامر یامین نے اکتالیس رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد نواز اور سلمان ارشاد نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ 

ای پیپر-دی نیشن