• news

ابوظہبی،ویکسین لگوانے کی شرح کی بنیاد پرسکولوں کودوبارہ کھولنے کا اعلان

ابوظہبی(این این آئی )متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی نے ویکسین لگوانے کی شرح کی بنیاد پرسکولوں کو دوبارہ کھولنے کیلئے ایک نیا مرحلہ وارنظام شروع کیا ہے۔ ابوظبی کے میڈیا دفترنے خبر دی کہ ایمرجنسی، کرائسس اور ڈیزاسٹرز کمیٹی نے ویکسین لگوانے کی شرح کی بنیاد پرسکولوں کودوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔امارت میں سکولوں کوکرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذالعمل اقدامات میں نرمی اور ویکسی نیشن کی شرح کی بنیاد پرمعمول کی تدریسی سرگرمیوں میں واپسی کے لیے بلیواسکول اقدام کی منظوری دیدی ہے۔بلیواسکول اقدام پر موجودہ تعلیمی سال کی دوسری مدت میں عمل درآمد کیا جائے گا۔اس کے تحت جن اسکولوں میں طلبہ اور عملہ کو ویکسین لگانے کی شرح زیادہ ہوگی،انھیں بتدریج اقدامات میں نرمی کی اجازت دی جائے گی۔نئے اقدامات میں سماجی فاصلے کے تقاضے کی پاسداری میں کمی، ماسک پہننے کے پروٹوکول میں نرمی،کمر جماعت اور اسکول ٹرانسپورٹ کی طلبہ کی گنجائش میں اضافہ اورغیر نصابی سرگرمیوں کی طرف واپسی اور میدانی دورے شامل ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن