اوکاڑہ: زرعی زمین کا تنازعہ‘ 2 خواتین کی پٹوار خانہ میں فائرنگ‘ خاتون قتل
اوکاڑہ + رینالہ خورد (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) اوکاڑہ پٹوار خانے میں دو خواتین نے فائرنگ کر کے ایک خاتون کو قتل کر دیا۔ جبکہ دونوں خواتین موقع سے فرار ہوگئیں۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم خواتین اور مقتولہ خاتون کے مابین زرعی اراضی کا تنازعہ چل رہا تھا۔ رینالہ خورد میں واقع پٹوار خانے میں خاتون بشریٰ بی بی کسی کام کے سلسلہ میں آئی ہوئی تھیں کہ اچانک دو نامعلوم خواتین پٹوار خانے میں داخل ہوئیں اور اپنے اپنے دستی اسلحہ سے بشریٰ بی بی پر فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں بشریٰ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ فائر نگ سے پٹوار خانے اور قرب وجوار میں خوف طاری ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ سٹی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ضروری کارروائی کرتے ہوئے شواہد اکٹھا کرنا شروع کردیئے۔ پولیس نے مقتولہ کی نعش کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم خواتین اور مقتولہ خاتون کے مابین زرعی اراضی کا تنازعہ چل رہا تھا۔ رینالہ خورد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق موضع اسلام پور کی خاتون بشریٰ بی بی سرور پٹواری کے دفتر میں بیٹھی تھیں دو نامعلوم خواتین کی فائرنگ کے نتیجے میں بشریٰ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ تھانہ سٹی پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔