ن لیگی حکومت مخالفت کے باوجود ریسکیو 1122 بند نہ کر سکی: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے اقوام متحدہ کے شعبہ برائے انسانی ہمدردی اور کوآرڈی نیشن کی ہیڈ محترمہ چوائس یوفوادما اکارو کی قیادت میں وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں فاطمہ اقبال‘ صالحہ سلیم اور محمد ارشاد شامل تھے جبکہ ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر، دیبا شہناز اور محمد ریاض بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ریسکیو 1122 ہمارے دور میں قائم کیا گیا۔ انسانی خدمت کا ایسا مثالی ادارہ ہے جسے ن لیگ کی حکومت بھرپور مخالفت کے باوجود بھی بند نہ کر سکی۔ اس ادارے کی بے پناہ خدمات کو سامنے رکھتے ہوئے پنجاب اسمبلی سے اس ادارے کے سروس سٹرکچر بل کو منظور کروایا گیا تاکہ محکمے کے اہلکاروں کا معاشی تحفظ کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کا رسپانس ٹائم 7 منٹ ہے اور یہ ادارہ بلاامتیاز تمام انسانیت کی خدمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی کرونا وبا کے دوران جان کی پروا نہ کرتے ہوئے خدمات قابل تعریف ہیں۔ ریسکیو ٹیمز نے 22000 کرونا کے مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا اور4194 انتقال کرنے والوں کی تدفین بھی کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ یو این او سی ایچ اے کی جنوبی ایشیا کی پہلی ریسکیو ٹیم کی سرٹیفکیشن قابل تعریف ہے۔ امید ہے یو این او سی ایچ اے پنجاب کے تمام اضلاع میں ریسکیو اہلکاروں کی ٹریننگ میں تعاون فراہم کرے گی۔