• news

اچھی خبر آ رہی،دورہ نیوزی لینڈ کا اعلان اگلے ہفتے کر دیا جائیگا،رمیز راجہ

لاہور+اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+نیوزرپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے تک نیوزی لینڈ کی طرف سے اچھی خبر ملنے والی ہے۔ نیوزی لینڈ دورہ منسوخی کو دوبارہ شیڈول کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کو بریفنگ میں چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو کوئی ردی کی ٹوکری میں نہیں ڈال سکتا۔ جب تک آواز نہیں اٹھائیں گے تب تک کوئی کام نہیں بنے گا۔ رمیز راجہ نے جواب دیا کہ چین کو جلد کرکٹ میں لارہے ہیں۔ رمیز راجہ نے کمیٹی کو بتایا کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کا دورہ منسوخ کیا۔ اب پھر سے رابطہ کر لیا۔ آئندہ ہفتے نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوم سیریز دوبارہ شیڈول کرنے کا اعلان کر دیا جائے گا۔ نیوزی لینڈ کو نومبر 2022ء میں دورے کی تجویز دے سکتے ہیں۔ بھارت کا کرکٹ بورڈ  انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کیلئے 90 فیصد آمدنی فراہم کرتا ہے جبکہ آئی سی سی اس آمدنی میں سے 50 فیصد فنڈ پی سی بی کو دیتا ہے۔ خطرہ ہے کہ اگر بھارت آئی سی سی کو آمدن دینا چھوڑ دے تو پاکستان کرکٹ کہیں بیٹھ نہ جائے۔ دنیائے کرکٹ میں پاکستان کی اہمیت بڑھانے کیلئے پی سی بی کی معیشت کو بہتر بنانا ہوگا۔ ایک سرمایہ کار نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھارت کو ہرانے پر بلینک چیک کی بھی آفر کی ہے۔ مختلف بورڈ سے ٹرائی سیریز شیڈول کرنے کا پلان کررہے ہیں۔ آسٹریلیا دورہ منسوخ کرنے سے پہلے 100 بار سوچے گا۔ ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کیلئے پرامید ہیں کہ دورہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔ پاکستان کوئی زمبابوے یا سیکنڈ گریڈ ٹیم نہیں بلکہ ورلڈکپ جیتی ہوئی ٹیم ہے۔ چیئرمین کمیٹی رضا ربانی نے رمیز راجہ کو تجویز دی کہ گورے کو آنکھ دکھائیں تو وہ ڈر جاتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن