دورہ پاکستان کی منسوخی پر شدید تنقید،چئیر مین انگلش کر کٹ بورڈ مستعفی
لندن (سپورٹس ڈیسک + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان انگلینڈ سیریز منسوخی کا تنازع انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کو لے ڈوبا۔ این واٹمور نے چیئرمین کرکٹ بورڈ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ این واٹمور کے عہدے کی مدت 5 سال تھی۔ تاہم آئن واٹمور صرف 13ماہ عہدے پر فائز رہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق پاکستان انگلینڈ سیریز منسوخی کی وجہ سے وہ دباؤ کا شکار تھے۔ وہ بورڈ آف ڈائریکٹرز سے مشاورت کے بعد باہمی رضا مندی سے عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ ملتوی کیے جانے کے بعد انگلینڈ نے بھی یکطرفہ طور پر دورہ ملتوی کر دیا تھا۔ جس کے بعد برطانوی وزیراعظم‘ حکومتی ارکان، انگلش کرکٹرز کی جانب سے بھی اس فیصلے پر سخت تنقید کی گئی تھی۔ انگلینڈ کے اس فیصلے پر دنیا بھر کی کرکٹ سے وابستہ شخصیات نے بھی تنقید کی اور خاص طور پر انگلینڈ کو اس بات پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ جب انگلینڈ میں کرونا کی بدترین صورتحال تھی تو پاکستان نے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا۔ لیکن بدلے میں انگلینڈ نے ضرورت کے وقت پاکستان کی مدد نہیں کی۔ کسی نے انہیں گھمنڈی قرار دیا تو کسی نے بزدل، کئی سابق برطانوی کرکٹرز کا کہنا تھا کہ دورے کی منسوخی کا اعلان کرنے کے بعد سے واٹمور منظر عام سے غائب ہیں۔ بالآخر واٹمور منظر عام پر آئے اور خود کو انگلش کرکٹ کے منظر سے ہمیشہ کیلئے علیحدہ کر دیا۔ انگلش کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ واٹمور اپنے عہدے سے فوری طور پر علیحدہ ہو رہے ہیں۔ خود واٹمور نے اپنے بیان میں کہا کہ ’موجودہ حالات میں خاص طور پر کووڈ 19 کی وجہ سے مجھ سے وابستہ توقعات کافی مختلف ہو چکی تھیں۔ جس کا مجھ پر کافی اثر ہوا ہے۔ اس لیے میں اب یہ بہتر سمجھتا ہوں کہ انگلش کرکٹ بورڈ ایک نیا چیئرمین منتخب کر لے۔ فی الحال ڈپٹی چیئرمین بورڈ بیری اوسرائن عبوری سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔