نیشنل ٹی ٹونٹی کپ، سدرن نے سنٹرل پیجاب کو 6 وکٹوں سے ہرادیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوسرے مرحلے میں قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے اکیسویں میچ میں سدرن پنجاب نے سنٹرل پنجاب کو 6وکٹوں سے شکست دیدی ۔ سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت ہوا۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے 9وکٹوں پر 154رنز بنائے ۔ کامران اکمل کھاتہ بھی نہ کھول سکے ۔ محمد اخلاق سات رنز پر پویلین لوٹ تو ٹیم دبائو کا شکار ہو گئی ۔ حسین طلعت نے 68رنز بناکر ٹیم کے مجموعے کو بہتر کیا ۔ سیف بدر گیارہ ‘شعیب ملک چھبیس ‘قاسم اکرم صفر ‘فہیم اشرف تین ‘کپتان حسن علی گیارہ ‘وہاب ریاض چاررنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ ظفر گوہر آٹھ اور وقاص محمودپانچ رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ ضیاء الحق نے چار ‘عامر یامین اور محمد عمران نے دو دو ‘نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ سدرن پنجاب نے ہدف چار وکٹوں پر ایک اوورقبل ہی پورا کرلیا ۔ ذیشان اشرف تین ‘طیب طاہر 68‘آغا سلمان ایک اور محمد عمران چوبیس رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ خوش دل شاہ 47رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔وقاص مقصود نے دو ‘فہیم اشرف اور ظفر گوہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ بائیسویں میچ میںبلوچستان نے خیبر پی کے کو 6وکٹوں سے شکست دیدی ۔خیبر پی کے نے 6وکٹوں پر 155رنز بنائے ۔صاحبزادہ فرحان نے 78رنز کی اننگز کھیلی۔جنید خان نے تین کھلاڑیوںکو آئوٹ کیا ۔ بلوچستان نے ہدف چار وکٹوں پر پورا کرلیا ۔ کپتان امام الحق نے 64رنز کیناقابل شکست اننگز کھیلی۔ عمران خان نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ امام الحق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔