• news

عشرہ رحمت للعالمین منا کر دنیا کو پیغام دینگے حضرت محمد کی عظمت انسانی سوچ سے بالا،عثمان بزدار


لاہور(نیوزرپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں یکم ربیع الاول سے 12 ربیع الاول تک عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر شان رحمت اللعالمینؐ کے حوالے سے خصوصی تقریبات، محافل ہوں گی۔ مرکزی رحمت اللعالمینؐ کانفرنس، عالمی مشائخ علماء کانفرنس، انٹرنیشنل میلاد مصطفٰی کا انعقاد کیا جائے گا۔ صوبائی سطح پر نعتیہ مشاعرہ اور مقابلہ حسن نعت اور دیگر تقاریب  خطاطی کی نمائشیں اور مقابلے  ہوں گے۔ پناہ گاہوں، ہسپتالوں، یتیم خانوں اور اولڈ ہاؤسز میں خصوصی کھانے پیش کئے جائیں گے۔عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے دوران خصوصی ڈاکومینٹری بھی تیار کی جائے گی اور کرونا ایس او پیز کے مطابق تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سٹاف کو اعلیٰ کارکردگی پر رحمت اللعالمینؐ سے منسوب میڈل دیئے جائیں گے۔ پنجاب کی جیلو ں میں عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے دوران قیدیوں اور سٹاف کیلئے پریزن پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔  عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ منانے کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ شان رحمت اللعالمینؐ بیان کرنے کا حق ادا کرنے کیلئے نہ کوئی قلم ہے اورنہ کوئی زبان۔ 12 روزہ تقریبات حضرت محمدؐ کی شان بیان کرنے کیلئے کافی نہیں۔ ذہین اورنادار طلباء  کو 27کروڑ38لاکھ روپے کے 10574 رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ دیئے جاچکے ہیں۔  حکومت پنجاب رواں برس 83کروڑ40لاکھ روپے کے 29142 رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ دے گی۔ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، یونیورسٹی آف چکوال اور اوکاڑہ یونیورسٹی میں ’’سیرت چیئر‘‘ قائم ہوچکی ہے۔ عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ منا کر دنیا کو پیغام دیں گے حضرت محمدؐکی عظمت انسانی سوچ اورخیال سے بالاتر ہے۔ حضرت محمدؐ خاتم الالنبین ہیں اور آپ کی شان پر دنیا جہان قربان۔ عشرہ شان رحمت اللعالمین ؐ منانے کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بعض سیکرٹریز کوسالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فنڈز کے کم استعمال پر نوٹس دیئے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ فنڈز کا بروقت اور درست استعمال یقینی بنایا جائے۔ اچھی پرفارمنس پر افسروں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ فیاض الحسن چوہان جیل کے وزیر ہیں اور وہ اچھا کام کر رہے ہیں۔ صوبائی وزراء  کی کارکردگی کو باقاعدہ جائزہ لیتا ہوں۔ ہماری حکومت کی کارکردگی سابق ادوار کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔ مہنگائی پر قابوپانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔ پرائس کنٹرول نظام کو مزید موثر بنائیں گے۔ پرائس کنٹرول کے حوالے سے اضلاع کی کارکرگی کو مانیٹر کیا جائے گا۔ اچھی کارکردگی پر انعام دیں گے اور خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہو گی۔ ہم عوام کی خدمت اور انہیں ریلیف دینے کیلئے آئے ہیں۔ عثمان بزدارسے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امورملک محمد عامر ڈوگر کی قیادت میں ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں میں ڈویلپمنٹ کیلئے تجاویز پیش کیں۔ عثمان بزدار سے سیف اللہ خان نیازی  بھی ملے سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی عہدیداران اور کارکنان ہمارا اثاثہ ہیں۔ لاہور کے پارٹی عہدیداران اور کارکنان سے ملاقات بہت سود مند رہی۔ عثمان بزدار سے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو بھی وعدہ کیا  وہ نبھایا ہے ۔ حلقوں میں ترقیاتی کام منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن