نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے گھٹنے ٹیک دیئے،دورہ پاکستان تیار
لاہور (سپورٹس رپورٹر) نیوزی لینڈ بورڈ حکام نے دورہ پاکستان ری شیڈول کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ کیوی ٹیم 2023ء سے پہلے پاکستان کے دورے پر آ سکتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کامیاب پالیسی، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ حکام نے کیوی ٹیم کا دورہ پاکستان ری شیڈول کرنے پر غور شروع کر دیا۔ نیوزی لینڈ میڈیا کے مطابق چیف ایگزیکٹو کیوی بورڈ ڈیوڈ وائٹ کی کرکٹ حکام سے بات چیت ہوئی ہے۔ جس کے دوران ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان 2023ء سے پہلے ری شیڈول ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے چند روز قبل کہا تھا کہ بغیر کھیلے وطن واپس پر نیوزی لینڈ دباؤ کا شکار ہے۔ دورہ ری شیڈول سے متعلق جلد اچھی خبر ملے گی۔ گذشتہ ماہ پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم سکیورٹی وجوہات کا بہانہ بنا کر وطن واپس لوٹ گئی تھی۔ جس سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو 15 ملین ڈالر تک کا نقصان ہوا تھا۔ پاکستان نے یہ معاملہ مئوثر انداز میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں اٹھایا تھا۔ نیوزی لینڈ کے میڈیا کا کہنا ہے کہ کیوی بورڈ پی سی بی کے ساتھ رابطے میں ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ پی سی بی کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ ایف ٹی پی 2023ء مکمل ہونے سے قبل دونوں بورڈز منسوخ دورے کو دوبارہ شیڈول کرنے پر رضامند ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔