پاکستان ،سعودیہ تعلقات ایمان اور عقیدہ کے تعلقات ہیں: عبدالغفار روپڑی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی نے خطبہ جمعہ میں کہا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کے دور میں بھی ماضی کی طرح پاکستان سعودی عرب کے تعلقات مضبوط اور مستحکم ہوئے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایمان اور عقیدہ اور دو قوموں کے درمیان تعلقات ہیں،آنے والی صدی اسلام کی صدی ہوگی امریکہ سمیت دیگر یورپی ممالک میں اسلام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہوکر یہود و نصاری اس قسم کے اسلام دشمن اقدامات کر کے اسلام کا راستہ روکنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔جامع القدس چوک دالگراں میں خطاب کرتے ہوئے انہوں کہا کہ اسلام ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، یہودوہنود شروع سے ہی بے گناہ مسلمانوں پر ظلم وستم کرکے اپنی سابقہ روایات پر عمل پیراہیں،ہمارے ناعاقبت اندیش حکمران ان کی غلامی پر فخر محسوس کرتے ہیں، ایسے حکمرانوں کو خلفائے راشدین کی سیرت وکردار اورانداز حکمرانی سے درس عبرت حاصل کرناچاہیے کہ جن کے انداز حکمرانی سے قیصر وکسریٰ جیسی وقت کی سپر طاقتیں بھی کانپتی تھیں۔