vیونیورسٹی آف سنٹرل ایشیا میں سپورٹس ٹرافی ‘سکالر شپس تقسیم کرنے کی تقریب
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے گذشتہ روز ایچ ای سی جنرل سپورٹس ٹرافی 2021-2020 سپورٹس سکالرشپس اور انعامات کی تقریب یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں ہو ئی۔تقریب کے مہمان خصوصی شفقت محمود، وفاقی وزیر تعلیم تھے دیگر مہمانان میں شائستہ سہیل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی و دیگر وائس چانسلرز تھے۔ مہمانوں کا استقبال میاں عامرمحمود، چیئرمین بورڈ آف گورنرزیو سی پی، پروفیسر سہیل افضل ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز اور ڈاکٹر نصر اکرام پرو ریکٹر یو سی پی نے کیا۔مرد اور خواتین دونوں کیلئے قومی سطح کی شرکت کیلئے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر جنرل ٹرافیاں دی گئیں۔ قومی تمغے جیتنے والوں میں 70 سے زائدنقد انعامات اور وظائف کے چیک تقسیم کیے گئے۔ مجموعی طور پر فتح کا سہرا لڑکوں کے سپورٹس مقابلوں میں یو سی پی کے سر رہا اور لڑکیوں میں پہلی پوزیشن کی ٹرافی پنجاب یونیورسٹی کے نام آئی۔ یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے دسویں بار ایچ ای سی جنرل سپورٹس چیمپئن بن کر اپنی جیت کا تسلسل برقرار رکھا۔ شفقت محمود نے یو سی پی اور میاں عامر محمود کو یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کی مسلسل دسویں مرتبہ سپورٹس ٹرافی جیتنے پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز کو کھیلوں میںبھی آگے آنا چاہیے اور طلباء کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے ۔میاں عامر محمود نے وفاقی وزیر، ایگزیگٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی اور کھلاڑیوں اور خواتین کا شکریہ ادا کیا ۔ چیئرمین بورڈ آف گورنرز یو سی پی میاں عامر محمود کا کہنا تھا کہ ملک میں 2 سو سے زائد یونیورسٹیز ہیں مگر سپورٹس میں حصہ صرف 100 نے لیا ‘جیتنے والے کھلاڑی 70 فیصد پرائیویٹ یونیورسٹیز سے تعلق رکھتے ہیں، امید ہے کہ وفاقی وزیر شفقت محمود اور وزیر اعظم عمران خان سپورٹس کے میدان میں ترقی اور انقلاب لائیں گے۔ ڈی جی ایچ ای سی شائستہ سہیل نے کہا کہ طلبہ اور طا لبات کے لئے تعلیمی سرگرمیوں کیساتھ ساتھ سپورٹس سرگرمی کا ہونا بہت ضروری ہے۔ ڈاکٹر نصر اکرام پرو ریکٹر یو سی پی نے کہا، یونیورسٹیوں کے طور پر ہمارا مقصد ایسے گریجویٹ پیدا کرنا ہے جو مستقبل کے لیڈر، ٹیم کے کھلاڑی اور برداشت کرنیوالے افراد ہوں۔