اندرون ملک پروازوں میں لازمی کھانا فراہم کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (این این آئی)سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک آپریٹ ہونے والی پروازوں میں مسافروں کو مشروبات اور کھانے کی سہولتیں فراہم نہ کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ تمام اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کو کھانا لازمی فراہم کیا جائے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سی اے اے نے ڈومیسٹلک پروازوں میں کھانے کی عدم فراہمی اوراین سی او سی کے جاری کردہ احکامات پر عمل نہ کیے جانے کی شکایات مسافروں کی جانب سے ملنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ تمام اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کو کھانا لازمی فراہم کیا جائے۔ذمہ دار ذرائع سے بتایا کہ این سی او سی کی جانب سے یکم اکتوبر سے تمام اندرون ملک پروازوں میں کھانے کی سروسز دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔سی اے اے کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق مسافروں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ اندرون ملک پروازوں میں کھانا فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔مسافروں کی جانب سے شکایات ملنے پر سی اے اے حکام نے ڈومیسٹک پروازوں میں کھانا فراہمی سے متعلق عمل درآمد کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔