صوبائی وزیر خالد محمود کا دورہ ڈسٹرکٹ جیل شیخوپورہ‘ انتظامات کا جائزہ
شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت)صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاںخالد محمود نے ڈسٹرکٹ جیل شیخوپورہ کا دورہ کیا جہاںانہوں نے جیل سپریٹنڈنٹ ملک مدثراحمدخان کے ہمراہ جیل کی مختلف بیرکوں ،ہسپتال ،لنگر خانہ کا معائنہ کیا اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن احسن عنایت سندھو،چودھری امجد علی گادھی، الیاس گجر، مرزاافضل بیگ ودیگر تھے اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے صوبائی وزیر میاں خالدمحمود نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جیلوں میں قیدیوں پر بڑھتے ہوئے دبائو پر قابو پانے کیلئے نئی جیلوںکو جلد از جلد مکمل کرنے اور رواں جیلوںکو اپ گریڈکرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں جیلوںمیں قیدیوں کی تعلیم وتربیت، اصلاح واحوال اور انہیں ہنر مند بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔جبکہ قیدیوں کے علاج معالجہ ان کے ورثاء کی ملاقات سسٹم کو بھی بہتر کیا گیا ہے انہوںنے کہاکہ جیلوں کی مزید سیکورٹی کو بہتر کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔