سنی تحریک‘ متحدہ 3‘ آزاد کشمیر حکومت کا ایک روزہ سوگ کا اعلان
لاہور، اسلام آباد، کراچی، مظفر آباد (خصوصی نامہ نگار، نمائندہ خصوصی، نامہ نگار) پاکستان سنی تحریک کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پاکستان کیلئے بڑا نقصان ہے۔ پاکستان سنی تحریک ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر تین روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے۔ حکومت آزاد کشمیر نے بھی ایک روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔ اس دوران ریاستی پرچم سرنگوں رہے گا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غائبانہ نمائزہ جنازہ جو حیدر آباد میں ادا کی گئی۔ بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا قوم سوگوار ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے تمام دفاتر میں آج غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ ایم کیو ایم پاکستان نے 3 روزہ یوم سوگ کا اعلان کرتے ہوئے اپنی تمام تنظیمی مصروفیات منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ اسلام آباد کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں آج محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے لیے فاتحہ خوانی کی ہدایت کر دی گئی۔ یہ بات وفاقی نظامت تعلیمات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اکرام ملک نے بتائی ہے۔ ملتان کے ضلع کونسل گراؤنڈ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ارکان قومی اور پنجاب اسمبلی اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ کراچی میں جماعت اسلامی کے تحت ادارہ نور حق میں ڈاکٹر عبدالقدیر کی غائبانہ نمازجنازہ یونس سٹیڈیم میں ادا کی گئی۔ دیگر شہروں میںبھی ڈاکٹر عبدالقدیر کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین کے بعد ان کی بیٹی کو پاکستان کا پرچم پیش کیا گیا۔ کابل میں پاکستانی سفارتخانہ کے احاطہ میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ افغانستان میں پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے ٹوئٹر پر غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے حوالے سے تصاویر بھی شیئر کیں۔