• news

ڈاکٹر قدیر کو اپنے ڈی جے سائنس کالج کراچی سے گہری وابستگی تھی


کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان کے ایٹمی سائنسدان محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کراچی کے ڈی جے سائنس کالج سے بی ایس سی کیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان اپنے کالج سے گہری وابستگی رکھتے تھے وہ اکثر اپنے کالج کا دورہ کیا کرتے تھے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پرنسپل کے لیے ایک آراستہ اور شایان شان کمرہ تیار کرنے کی پیشکش کی اور اپنے خرچ پر پرنسپل آفس تیار کرایا اور کالج کو بطور تحفہ دیا۔ اس کمرے میں میٹنگ کے لیے نشستوں کے ساتھ ایک بڑی میز، کتابوں کے شیلف، پرنسپل کی کرسی اور ملاقاتیوں کے لیے آرام دہ نشستیں بھی بنوائی گئیں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پرنسپل کے لیے خصوصی طور پر آرام کرسی بھی تحفہ دی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پرنسپل کے روم میں تمام سابقہ پرنسپلز کی تصاویر بھی آویزاں کیں۔ ڈی جے سائنس کالج کے پرنسپل کے کمرے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ایک پورٹریٹ بھی موجود ہے جس پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنے ہاتھ سے تحریر کیا مجھے اپنے پاکستانی اور ڈی جے سائنس کالج کا طالب علم ہونے پر فخر ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے طلبا کے لیے کلاسز کی کمی دور کرنے کے لیے ڈی جی کالج کے بالمقابل کمپاؤنڈ میں خصوصی بلاک بھی تیار کرایا جو ان کے نام سے موسوم ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر کی ڈی جے سائنس کالج سے گہری وابستگی اور محبت کا احوال بیان کرتے ہوئے نائب قاصد شبیر خان نے بتایا کہ ان کے دادا، ان کے والد بھی کالج کے سٹاف میں شامل رہے اور والد کی وفات کے بعد گزشتہ پینتیس سال سے وہ کالج سے وابستہ ہیں اس دوران ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے متعدد مرتبہ کالج کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی کالج آمد کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے شبیر خان نے بتایا کہ وہ کبھی بھی موجودہ پرنسپل کے سامنے کی نشست پر بھی نہیں بیٹھتے تھے اور پرنسپل سمیت اساتذہ حتی کہ سٹاف کے ممبران کی بھی بہت عزت و احترام کرتے تھے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے پرنسپل کے دفتر میں اے سی لگوایا تو ساتھ ہی پرنسپل کے سٹاف کے بیٹھنے کی جگہ پر بھی اے سی لگوایا۔ ڈی جے کالج کے موجودہ چوکیدار عبدالحق کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کالج کے سٹاف کے ساتھ بھی گھل مل جاتے۔ وہ سائیکل پر کالج آیا کرتے تھے اور رات ہو جانے پر ڈی جے کالج سے متصل گنگا رام ہاسٹل میں رہائش پذیر اپنے دوست کے کمرے میں زمین پر اخبار یا کاغذ بچھاکر سوجایا کرتے تھے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر ڈی جے سائنس کالج کو اس کی شان و شوکت واپس دلانے کے خواہش مند تھے۔ ڈی جے سائنس کالج کے موجودہ پرنسپل مہر منگی نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان پاکستان کا سرمایہ عظیم تھے۔

ای پیپر-دی نیشن