ٹونٹی ورلڈ کپ میں پہلی بار پانی کا وقفہ ‘ڈی آر ایس استعمال کرنے کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوران پہلی مرتبہ پانی کا وقفہ کرانے کا اعلان کردیا ہے۔آئی سی سی کی ورلڈ کپ کیلئے پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق ورلڈ کپ میں ڈی آر ایس کا بھی استعمال ہوگا جبکہ ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کیلئے بھی قوانین میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے۔ پلیئنگ کنڈیشنز کو تبدیل کرتے ہوئے شق 11میں پانی کے وقفے کی اجازت دیدی ہے، یہ وقفہ ہر اننگز کے عین درمیان میں ہوگا یعنی 10 اوورز کے اختتام پر۔اس وقفے کا دورانیہ 2منٹ 30 سیکنڈز مقرر کیا گیا ہے لیکن اگر ایک اننگز 14 اوورز یا اس سے کم تک محدود ہوئی تو پانی کا وقفہ نہیں ہوگا۔ لیگز میں ہونیوالے سٹریٹیجک ٹائم آؤٹ کی طرز پر ہیڈ کوچز کو کھلاڑیوں کیساتھ گفتگو کی اجازت ہوگی۔ بارش سے متاثرہ میچز کیلئے قوانین میں بھی معمولی تبدیلی کی ہے، عام میچز میں تو بارش سے متاثرہ کھیل کا نتیجہ پانے میں دوسری اننگز میں کم از کم 5 اوورز کا کھیل ہی لازمی ہوگا لیکن سیمی فائنل اور فائنل میں دوسری اننگز میں کم از کم 10اوورز کا کھیل لازمی قرار دیا ہے۔ پہلی بار ڈی آر ایس کا بھی استعمال کیا جائیگا ، ہر ٹیم کے پاس دو ، دو ری ویو سسٹم ہونگے۔ میچ ٹائی ہونے پر سپر اوور ہوگا اور سپر اوور کے ٹائی کی صورت میں ایک بار پھر سپر اوور ہوگا اور جب تک فاتح کا فیصلہ نہیں ہوتا، سپر اوورز کا سلسلہ جاری رہیگا۔سیمی فائنل مکمل نہ ہونے کی صورت میں جو ٹیم سپر اوور میں بہتر پوزیشن پر ہوگی وہ فائنل کھیلے گی۔ فائنل کسی بھی صورت مکمل نہ ہونے پر دونوں فائنلسٹ ٹیمیں مشترکہ فاتح قرار پائیں گی۔