ڈاکوئوں نے شہریوں سے لاکھوں روپے، زیورات اور قیمتی سامان لوٹ لیا
لاہور (نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میںڈاکوئوںاورچوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے مناواں میں فخر کے گھر گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 5 لاکھ 10ہزار روپے، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، ٹائون شپ میں خالد سے 2 لاکھ 32 ہزار روپے، کاہنہ روہی نالے پر پولیس کانسٹیبل وقاص کو روک کر موٹرسائیکل اور 13 ہزار روپے، ساندہ میں حافظ عمر کی دکان سے 70 ہزار روپے اور موبائل فون، شیراکوٹ میں فتح محمد سے 62 ہزار روپے اور موبائل فون ، مزنگ میں شیراز سے 50 ہزار روپے اور موبائل فون، مانگامنڈی میں صابر کی دکان سے 31 ہزار روپے اور موبائل فون، شالیمار میں طاہر سے 18 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے ڈیفنس سی کے علاقے میں ساجد کے گھر سے 13 لاکھ روپے، طلائی زیورات و دیگر سامان چوری کرلیا۔ چوروں نے ماڈل ٹائون، شفیق آباد اور ڈیفنس کے علاقوں سے 3 کاریں، مزنگ کے علاقے سے رکشہ جبکہ باغبانپورہ ، اچھرہ، نیوانارکلی، مستی گیٹ، لاری اڈہ، جنوبی چھائونی، گڑھی شاہو اور مصری شاہ کے علاقوں سے 8 موٹرسائیکلیں چوری کرلیں اور فرار ہوگئے۔