• news

ہرنائی‘ سبی میں زلزلے کے جھٹکے‘15 افراد زخمی‘ تعلیمی ادار وں کی بندش میں توسیع

کوئٹہ ، سبی (بیورو رپورٹ، نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی) ہرنائی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 3.5 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ کی گہرائی 35 کلو میٹر، مرکز سبی سے 50 کلو میٹر شمال مشرق میں تھا۔ زلزلے کے باعث متعدد کچے مکانات گرنے کی اطلاع ہے۔  مکانات گرنے سے 15 افراد زخمی ہو گئے۔  زخمیوں میں 3 عورتیں،  7 بچے اور 5 مرد شامل ہیں۔زلزلے کے بعد ہرنائی میں لوگ گھروں اور املاک سے باہر آ گئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔آفٹر شاکس کے باعث ضلع بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے مزید 2 ہفتے کے لیے بند کر دیئے گئے ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثریں میں خیمے، کمبل اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔ زلزلے میں جاں بحق افراد کے ورثا اور زخمیوں کو ایک ہفتہ میں امداد دی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن