پاک فضائیہ کے سابق سربراہ فاروق فیروز خان پی اے ایف قبرستان میں سپردخاک
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل (ریٹائرڈ) فاروق فیروز خان کو پی اے ایف قبرستان نور خان میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے ان کی قبر پر سلامی پیش کی۔ تدفین کے بعد صدر پاکستان، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف، چیف آف نیول سٹاف، چیف آف ایئر سٹاف اور دیگر معززین کی جانب سے مرحوم کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ قبل ازیں ایئر چیف مارشل (ر) فاروق فیروز خان کی نماز جنازہ پی اے ایف بیس، نور خان میں ادا کی گئی۔ جنازے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سربراہ پاک فضائیہ، سربراہ پاک بحریہ، پی اے ایف کے سابق ایئر چیفس، اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے شرکت کی۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے فاروق فیروز خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ سربراہ پاک فضائیہ نے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ ائیر چیف مارشل فاروق فیروز خان اعلی اوصاف کا نمونہ تھے، جو پاک فضائیہ کے افسران، ائیرمین سویلینز کی آنے والی نسلوں کے لئے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گے۔ انہیں تین سال تک متحدہ عرب امارات کی فضائیہ میں فائٹر ونگ کی کمان کرنے کا اعزاز حاصل تھا۔ 1965ء اور1971 ء کی جنگوں میں حصہ لیا اور شجاعت و بہادری کے اعتراف میں انہیں ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔ پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر انہیں نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال امتیاز (ملٹری) اور ستارہ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا گیا۔ انہوں نے09 مارچ1991 سے08 نومبر1994 تک پاک فضائیہ کے سربراہ کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔10 نومبر 1994سے 09نومبر1997 تک بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات رہے۔