• news

اسلام دشمن قوتیں ناموس رسالت قوانین مٹانے کیلئے کوشاں: ختم نبوت کانفرنس

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوتﷺ کے زیر اہتمام شاہدرہ میں تحفظ ختم نبوتﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس کی صدارت نائب امیر مرکزیہ صاحبزادہ خواجہ عزیز احمد نے کی۔ جبکہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوتﷺ کے مرکزی رہنما مولانا اللہ وسایا، پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل شیخ الحدیث مولانا زاہد الراشدی، مولانا شاہنواز فاروقی ، مولانا عزیز الرحمن ثانی مولانا علیم الدین شاکر، پیررضوان نفیس، قاری جمیل الرحمن اختر، مولانا عبدالنعیم، سید فرزند علی روزنامہ اسلام ، مولانا محمدقاسم گجر سمیت کئی حضرات کے بیانات ہوئے جبکہ کانفرنس میں کثیر تعداد میں علمائ، قرائ، تاجر برادری اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ مولانا اللہ وسایا نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام دشمن طاقتیں پاکستان کے مدارس اور دینی جماعتوں پر حملہ آور ہیں۔ ملک کے اسلامی تشخص، عقیدہ ختم نبوتﷺ، ناموس رسالت کے قوانین کو مٹانے یا پھر کم از کم ترامیم کے لئے مسلسل دبائو ڈالا جارہا ہے۔ حکومت بیرونی ممالک کے مالیاتی اداروں کی شرائط پرگستاخان رسولﷺ کو ریلیف دے رہی ہے۔ مولانا شاہنواز فاروقی نے کہا کہ ہم اپنی جانوں پر کھیل کر ختم نبوت ﷺاور ناموس رسالت کا تحفظ کریں گے۔ مولانا عزیز الرحمن ثانی نے کہا کہ قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قراردیا جانے دینے کا فیصلہ صرف علماء کرام اور مفتیان عظام کا نہیں تھا بلکہ پاکستان کی دستور ساز اسمبلی اورعدالتوں سے لے کر کینیا، رابطہ عالم اسلامی ، انڈونیشیا اور جنوبی افریقہ کی عدالتوں نے بھی قادیانیوں کے کفر و ارتداد پر مہر تصدیق ثبت کر چکی ہے۔ مولانا عبدالنعیم نے کہا کہ رسالت و نبوت ﷺکا سلسلہ منقطع ہو چکا امت کا سب سے پہلا اجماع عقیدہ ختم نبوتﷺ پر ہوا۔ مفتی عبدالحفیظ نے کہا کہ جس کا تعلق ختم نبوتﷺ سے نہیں ہے اس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن