کرونا، 19 اموات، مثبت کیسز کی شرح 1.88 ، آج سے سکولوں میں 100 فیصد حاضری
اسلام آباد (خبرنگار، نوائے وقت رپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 767 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 19 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 1 ہزار 559 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 88 فیصد پر آ گئی پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے اب تک 28 ہزار 106 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 57 ہزار 955 ہو چکی ہے ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے 42 ہزار 541 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 540 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔سکول آج سے سو فیصد حاضری کے ساتھ کام کریں گے۔ اقوام متحدہ کی منظور شدہ 6 کرونا ویکسین لگوانے والے مسافروں کو امریکہ کا سفر کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) اور ڈبلیو ایچ او کی منظور شدہ کورونا ویکسین کی خوراکیں لگوانے والوں کو امریکہ آنے دیا جائے گا۔ امریکی ریگولیٹر ایف ڈی اے فائزر، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن کی منظوری دے چکی ہے۔ صوبہ سندھ میں تمام جامعات اور تعلیمی بورڈز پیر سے 100 فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے کا اعلان کردیا۔ سندھ کے وزیر برائے جامعات اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ صوبے میں تمام نجی اور سرکاری جامعات کل سے 100 فیصد حاضری کے ساتھ کھولی جائیں گی۔