• news

حکومت بزنس فرینڈلی،لاہور میں سپیشل ٹیکنالوجی زون بنائیں گے:عثمان بزدار


لاہور (نیوز رپورٹر+ کامرس رپورٹر) وزیراعلیٰ  عثمان بزدارسے  لاہور چیمبر آف کامرس  کے صدر میاں نعمان کبیر کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، جس میں تاجر برادری اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے تاجر برادری اور صنعتکاروں کے جائز مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت بزنس فرینڈلی حکومت ہے۔ صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں گے۔ میرا دفتر آپ کے لئے ہمہ وقت کھلا ہے۔ تاجروں اور صنعتکاروں کے نمائندوں کیساتھ مشاورت کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ لاہور کی تعمیر و ترقی کے لئے اربو ں روپے کے نئے منصوبے شروع کئے ہیں۔ نئے کارخانے لگانے کیلئے این او سی کے اجراء کو آسان بنایا گیا ہے۔ لاہور میں سپیشل ٹیکنالوجی زون بھی بنایاجائے گا۔ پنجاب میں نئی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپ کی جائیں گی۔ لاہور میں انڈسٹریز کے لئے واٹر ریٹ کاجائزہ لیں گے۔ پنجاب حکومت نے 30ارب روپے سے روزگار سکیم شروع کی ہے۔ لاہور میں جہاں ضرور ت ہوگی نئے پارکنگ پلازے بنائیں گے۔ پنجاب کے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے صدور سے جلد ملاقات کروں گا۔ وزیراعلیٰ آفس تاجروں و صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے ہرممکن اقدام کرے گا۔ پنجاب میں تاجروں اور صنعتکاروں کو تمام تر ممکنہ سہولتیں فراہم کریں گے۔ عثمان بزدارکی زیر صدارت  اجلاس میں  صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے نئے گراؤنڈز بنانے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کرونا کی صورتحال میں بہتری کے بعد صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیاں باقاعدہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب گیمز اور دیگر کھیلوں کے مقابلے کرانے کی ہدایت کی اورکہاکہ کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں - 360گراؤنڈز گاؤں کی سطح پربنائی جائیں گی۔ گاؤں کی سطح پر 105 گراؤنڈز مکمل ہوچکی ہیں۔ فیصل آباد اور سیالکوٹ میں کرکٹ ہائی پرفارمنس سنٹرز بنائے جائیں گے۔ لاہور میں ہاکی ہائی پرفارمنس سنٹر بنے گا۔ اجلاس میں باٹا پو ر کے قریب 600کنال اراضی پر اولمپک ویلج کے قیام کی تجویز پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اولمپک ویلج کے منصوبے کا ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔ عثمان بزدار سے  سابق وفاقی وزیر چوہدری نوریز شکورنے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ  نے  کہاکہ اپوزیشن کا ایجنڈا پاکستان کے مفادات سے متصادم ہے۔ موجودہ حالات میں افراتفری کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ منفی سیاست کرنے والوں کو عوام ہمیشہ کے لئے رد کر چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سابق حکومتوں نے نظام میں اتنا بگاڑ پیدا کیا جس کا کوئی تصور نہیں کر سکتا۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ  عشرہ شان رحمت للعالمینؐ منا کر نبی کریمؐ کی ذات اقدس کو سلام پیش کررہے ہیں۔ ماہ ربیع الاول ہر مسلمان کے لیے باعث رحمت اور باعث  سعادت ہے۔ ہم اس بابرکت مہینے کو عقیدت واحترام سے منا رہے ہیں۔ بے شک نبی اکرمؐ کی سیرت و صورت دونوں بے مثال ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نبی اکرم ؐکے بتائے ہوئے راستے پر چلنا اور ان سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ عثمان بزدارکی زیر صدارت  اجلاس میں بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز  کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ قبائلی عوام کے جان و مال کے  تحفظ کیلئے بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز کو پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی۔ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے قبائلی علاقوں کے عوام کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ کو صادق آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہریوں کے جاں  بحق ہونے کے افسوسناک واقعہ کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ عثمان بزدار نے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن