نیشنل ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ، سندھ نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) نیشنل ٹی ٹونٹی کے انتیسویں میچ جی ایف ایس سندھ نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے لو اسکورنگ میچ میں سندھ نے 114 رنز کا ہدف 8 گیندیں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔سندھ کے محمد طحہ 47 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ انہوں نے شان مسعود کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 34 رنز کی شراکت قائم کی۔ شان مسعود 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ان کے علاوہ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے سندھ کے باقی دو بیٹر خرم منظور اور دانش عزیز نے بالترتیب 11 اور ناٹ آؤٹ 19 رنز بنائے۔اس سے قبل سندھ کی دعوت پر بلوچستان نے پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 54 رنز کا پراعتماد آغاز ملنے کے باوجود ان کی بیٹنگ لائن اپ سکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانے میں کامیاب نہ ہوسکی. بلوچستان کے ابتدائی تین بیٹرز کے علاوہ کوئی بھی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ کپتان سہیل اختر ناٹ آؤٹ 37 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔. عبدالواحد بنگلزئی نے 29 اور عبداللہ شفیق نے 22 اسکور بنائے۔بلوچستان نے مقررہ بیس اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنائے۔ابرار احمد نے 2 جبکہ دانش عزیز اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔