افغان صورتحال‘ وزیراعظم چاہتے تھے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کچھ ماہ رہیں: عامر ڈوگر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی میں چیف وہپ عامر ڈوگر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ وزیراعظم چاہتے تھے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کچھ ماہ عہدے پر رہیں۔ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں کہا کہ فوج کی عزت ہے تو وزیراعظم کی عزت ہے۔ وزیراعظم افغان صورتحال کی وجہ سے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو رکھنا چاہتے تھے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اچھے پیشہ ور سپاہی ہیں۔ حکومت تمام اداروں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میری کوئی انا نہیں۔ وزیراعظم کی باڈی لینگوئج مثبت تھی اور وہ پراعتماد تھے۔ وزیراعظم نے کابینہ میں کہا کہ آرمی چیف کے ساتھ تعلقات مثالی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے تین سے پانچ نام آئیں گے۔ وزیراعظم ان ناموں میں سے نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی منظوری دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ملک کے چیف ایگزیکٹو اور عوام کے منتخب نمائندے ہیں۔ آرمی چیف اور اس آفس کی بھی ایک عزت اور احترام ہے۔