• news

صحت، احساس کارڈ بڑا ریلیف، پنجاب خیبر پی کے میں خصوصی سیل بنائینگے: عمران


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کا صحت کارڈ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں عوام کو صحت کی مکمل سہولیات کی مفت فراہمی کے حوالے سے منفرد اقدام ہے۔ پسماندہ طبقے کیلئے صحت اور احساس کارڈ بڑا ریلیف فراہم کریں گے۔ پنجاب اور خیبر پی کے میں اس حوالے سے خصوصی سیل بنا کر کام میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ لاہور میں تکمیل کے بعد جلد صحت کارڈ کی تقسیم پورے پنجاب میں یقینی بنائی جائے گی۔ صحت، احساس اور کسان کارڈ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کسان، ہیلتھ اور احساس کارڈ کی پیشرفت پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں صحت کارڈ کی تقسیم کے دوسرے مرحلے کو جلد لاہور سے شروع کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہیلتھ، کسان اور احساس کارڈ کی تقسیم اور ان سے متعلقہ انتظامات کی جلد تکمیل کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر فیصل سلطان، جمشید اقبال چیمہ اور متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔  اسکے علاوہ پنجاب اور خیبر پی کے کے وزراء اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسمعیل نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں بارہ ربیع الاول شایان شان طریقے سے منانے کے حوالے سے مختلف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے وزیراعظم کو بتایا کہ بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے سیرت النبیؐ کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ گورنر سندھ نے وزیراعظم سے شرکت و خطاب کی درخواست کی جسے وزیر اعظم نے منظور کیا۔ وزیر اعظم ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ کانفرنس کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس عشرہ کو نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ اور تعلیمات کو صوبے بھر میں اجاگر کرنے کے لیے تقریبات منعقد کی جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن