• news

جارحیت کے جواب کیلئے جنگی صلاحیتوں کی اپ گریڈیشن جاری، جدید ٹیکنالوجی پر توجہ دی جائے: جنرل باجوہ


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوجرانوالہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چینی ساختہ وی ٹی فور ٹینک کمیشنینگ کا مشاہدہ کیا۔ آرمی چیف نے وی ٹی فور ٹینک کی حربی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ دیکھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وی ٹی فور ٹینک دنیا کے بہترین جدید ٹینکوں کے ہم پلہ اور جدید ترین پروٹیکشن، فائر پاور اور نقل وحرکت کا حامل ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ روایتی جنگی صلاحیتوں کی اپ گریڈیشن ایک جاری عمل ہے۔ جارحیت کے بھرپور جواب کے لئے اپ گریڈیشن جاری ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ٹینک پاکستان اور چین کے سٹرٹیجک تعاون کا ایک اور ثبوت ہے۔ فوج میں ان ٹینکوں کی شمولیت سے فارمیشنز کی جنگی استعداد بڑھے گی۔ سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ تیزی سے تبدیل ہوتی ہوئی حربی حکمت عملی اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ اعلی درجے کی پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت میں جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال پر توجہ دی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن