بھکاری مافیاکیخلاف سکواڈ بنے گا، لاہور کی انتظامی تقسیم کا فیصلہ اتفاق رائے سے کرینگے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیر صدارت اجلاس میں ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کوہ سلیمان میں پبلک سکولز کے قیام کا جائزہ لیا گیا۔ اور کوہ سلیمان پبلک سکولز آف ایکسیلینس (بوائز، گرلز) کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سفارشات کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں قابل عمل ماڈل تیار کیا جائے۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب سکولز کا ماسٹر پلان تیار کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت انتہائی دور دراز علاقوں میں کم وسیلہ طلبا و طالبات کو میعاری تعلیم فراہم کرے گی۔ عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی محمدثناء اللہ مستی خیل نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منتخب نمائندوں کی ترجیحات کے مطابق ان کے حلقوں میں ترقیاتی کام شروع ہوچکے ہیں اور عوام کی خدمت ہی میرا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے عاقبت نااندیش عناصر نازک حالات میں بھی اپنی منفی سیاست کو پروان چڑھا رہے ہیں۔ اپوزیشن نے پاکستان کے مفادات کو داؤ پر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ عثمان بزدار نے ایک اور بڑا اقدام کرتے ہوئے بھکاری مافیا کی سرکوبی کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ خصوصی سکواڈ مرحلہ وار مختلف زونز میں بھکاری مافیا کے خلاف کارروائی کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اولڈ ایج ہومز میں مقیم بزرگو ں کے علاج معالجے کیلئے ڈاکٹرز باقاعدہ وزٹ کریں گے۔ ملتان کے بعد لاہور میں بھی خواجہ سراؤں کیلئے کمیونٹی ویلفیئر سینٹر بنایا جائے گا۔ خواجہ سراؤں کو معاشرے کا مفید شہری بنائیں گے۔ رواں برس گوجرانوالہ، ملتان، پاکپتن اور جھنگ میں بھی پناہ گاہیں فنکشنل ہو جائیں گی۔ اٹک اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دو نئے چلڈرن ہوم بنائے جائیں گے۔ عثمان بزدار سے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی مولانا بشیر فاروقی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کمزور طبقات کی فلاح، لنگر خانوں اور پناہ گاہوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ دکھی انسانیت کے دکھ بانٹنے سے دنیا کے ساتھ آخرت بھی سنورتی ہے۔ وزیراعلی زیر صدارت اجلاس لاہور کو انتظامی بنیادوں پر دو اضلاع میں تقسیم کرنے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے لاہور کو انتظامی بنیادوں پر دو اضلاع میں تقسیم کرنے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے باعث لاہور شہر کو انتظامی لحاظ سے دو اضلاع میں تقسیم کرنا وقت کا تقاضا ہے تا ہم اس ضمن میں سیاسی اتفاق رائے سے فیصلہ کریں گے۔ شہر کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کے حوالے سے علاقوں کے حساب سے نیا نقشہ تیار کیا جائے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دو اضلاع میں تقسیم سے لاہور شہر میں نئی تحصیلوں کا اضافہ ہو گا۔ عثمان بزدار نے قدرتی آفات سے آگاہی اور بچاؤ کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرکے قدرتی آفات سے ہونیوالے نقصان کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔