• news

پرویز ملک میانی صاحب میں سپرد خاک نماز جنازہ میں شہباز شریف کی شرکت


 لاہور (خصوصی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی اور  سینئر رہنما پرویز ملک کو میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں  شہباز شریف، پارٹی رہنماؤں، ارکان قومی اسمبلی اور پارٹی کے عہدیداروں سمیت کارکنوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ مریم نواز لیگی رہنما پرویز ملک مرحوم کی رہائشگاہ پہنچیں اور پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز ملک، انکے بیٹوں علی پرویز ملک، احمد پرویز ملک اور دوسرے عزیزوں سے اظہار افسوس کیا۔ قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی بھی  پرویزملک مرحوم کی رہائش گاہ پر اظہار افسوس کے لئے آئے۔ پرویز الٰہی نے پرویز ملک مرحوم کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔  حمزہ شہباز نے بھی ان کی رہائش پر جاکر اظہار تعزیت کیا۔ شاہد خاقان عباسی‘ مریم اورنگزیب‘ مفتاح اسماعیل‘ میاں مصباح الرحمن‘ منشاء اللہ بٹ، ایم پی اے خواجہ عمران نذیر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ دریں اثناء رابعہ فاروق نے محمد پرویز ملک کے انتقال پر تعزیتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی ہے۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ امیر محمد بھٹی، شہبازشریف، خواجہ آصف، صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، لیاقت بلوچ، لطیف کھوسہ سمیت سیاسی و سماجی اہم اداروں کی شخصیات نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ مہتمم جامعہ اشرفیہ مولانا فضل الرحیم نے پڑھائی۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک پرویز برے سے برے  وقت میں بھی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑے رہے اور وفا کی۔ ان کی رحلت پارٹی کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن