• news

پابندیاں دنیا کی سلامتی متاثر کریں گی، طالبان نے امریکہ، یورپی یونین کو خبردار کردیا

کابل‘ دوحہ (نوائے وقت رپورٹ) طالبان کی نئی حکومت نے امریکا اور یورپ کے سفرا کو خبردار کیا ہے کہ پابندیوں کے ذریعے انہیں مسلسل دباؤ میں رکھنے کی کوشش سکیورٹی میں کمزوری پیدا ہونے کے ساتھ معاشی مہاجرین کی لہر کو جنم دے سکتی ہے۔ طالبان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے دوحہ میں گفتگو کے دوران مغربی سفرا کو بتایا کہ ’افغان حکومت کو کمزور کرنا کسی کے مفاد میں نہیں ہے کیونکہ اس کے منفی اثرات دنیا کی سلامتی کو متاثر کریں گے اور ملک سے معاشی ہجرت ہوگی۔ امیر خان متقی نے دوحہ اجلاس کو بتایا کہ ‘ہم دنیا کے تمام ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ موجودہ پابندیاں ختم کرتے ہوئے بینکوں کو معمول کے مطابق کام کرنے دیں تاکہ مخیر گروپس، تنظیمیں اور حکومت اپنے ذاتی ذخائر اور بین الاقوامی مالیاتی مدد سے عملے کی تنخواہیں ادا کر سکیں۔ دوسری طرف افغان طالبان نے ملک میں خواتین کرکٹ سمیت خواتین کے کھیلوں پر باضابطہ پابندی لگانے کی تردید کردی۔ افغان کرکٹ بورڈ کے نومنتخب چیئرمین عزیز اللہ فضلی نے بتایا کہ ان کی طالبان حکومت کے اعلیٰ حکام سے بات ہوئی ہے جنہوں نے کہا ہے کہ سرکاری طور پر خواتین کے کھیلوں خصوصاً ویمن کرکٹ پر کوئی پابندی نہیں، ہمیں خواتین کے کھیلوں میں حصہ لینے سے کوئی مسئلہ نہیں۔ عزیز اللہ فضلی نے بتایا کہ ہماری 18 سال سے خواتین کی کرکٹ ٹیم ہے، تاہم ہمیں اس معاملے میں اپنے مذہب اور ثقافت کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ اگر خواتین شائستہ لباس پہنیں تو ان کا کھیلوں میں حصہ لینا معیوب نہیں۔ اسلام میں خواتین کو نیکر پہننے کی اجازت نہیں، جیسا کہ دوسری ٹیمیں پہنتی ہیں، خصوصا فٹ بال میچ میں۔ لہذا ہمیں اس چیز کا خیال رکھنا ہوگا۔ نجی ٹی وی کے مطابق امریکی حکام کی غفلت سامنے آئی ہے کہ وہ افغانستان میں اپنے شہریوں سے متعلق درست معلومات سے بھی لاعلم نکلے‘ اور غیرمعمولی رقم کے عوض پی آئی اے کا طیارہ بک کرا لیا۔ امریکی حکام سے چارٹر پرواز کے 7 لاکھ 50 ہزار ڈالرز بھی وصول کر لئے گئے۔ ذرائع کے مطابق امریکی ادارے نے افغان حکام سے پرواز کی اجازت امریکی شہریوں کے انخلا کے نام پر لی، تاہم  پی آئی اے کی چارٹر پرواز نمبر 6249 اسلام آباد سے کابل کیلئے روانہ ہوئی تو انکشاف ہوا کہ تمام مسافر افغان شہری تھے، اور طالبان پالیسی کے تحت افغان شہریوں کے انخلا پر پابندی کے باعث پی آئی اے کا خالی طیارہ واپس اسلام آباد آ گیا۔

ای پیپر-دی نیشن