موسمیاتی تبدیلی، وائلڈلائف پالیسی منظور، 12 ربیع الاول شایان شان طریقے سے منائینگے: عمران
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پورے ملک میں12 ربیع الاول شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، پورے ملک میں اس حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی، اسلام آباد میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی تقریب ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت 12 ربیع الاول کی تقریب کی تیاریوں کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو 12 ربیع الاول کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء فواد چوہدری، نور الحق قادری، شفقت محمود، معاونین خصوصی شہباز گل، عثمان ڈار، سینیٹر فیصل جاوید، رکن قومی اسمبلی عامر محمود کیانی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔گورنر سندھ عمران اسماعیل، سینیٹر سیف اللہ نیازی اور ڈاکٹر عطاء الرحمن نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی 2021 اور قومی وائلڈ لائف پالیسی 2021 کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مارگلہ پہاڑیوں میں ایک خصوصی زون کو چیتے کے تحفظ کا علاقہ قرار دیا جائے جبکہ اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں وائلڈ لائف انفارمیشن سینٹر کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان نے 10 ارب سونامی ٹری پروگرام کی وجہ سے گرین چیمپئن کی حیثیت سے اپنی ساکھ قائم کی ہے۔ دنیا کو ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں مدد کرنی چاہیے۔ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اب پوری دنیا ہمارے نقش قدم پر چل رہی ہے۔ وزیراعظم نے مختلف وزارتوں کے مابین کوششوں کو مربوط بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خاتمے کے حل کے لیے ایک تھنک ٹینک کے قیام کی بھی ہدایت کی۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مالی اور انتظامی اختیارات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کو بہتر مواصلاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعظم نے اس امر کا اظہار گلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ مزید براں وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر حضرت علیؓ کا قول شیئر کر دیا۔ حضرت علیؓ کا قول شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ دنیا میں اس طرح کا کام کرو گویا تم نے ہمیشہ یہیں رہنا ہے اور آخرت کیلئے کام اس طرح کرو گویا کل تمہارا آخری دن ہے۔ ٹوئٹر پر وزیراعظم نے مزید لکھا کہ تقریباً 15 سو سال قبل نبی کریم ؐؐ نے تاکید کی تھی کہ اس زمین پر ہمیں تمام اقدامات کو مستقبل کی نسل پر اثرات کو مدنظر رکھ کر انجام دینے چاہئیں۔