ساڑھے 5 ارب کے پیکج کا اعلان، عید میلادﷺ، قیدیوں کی سزا میں 60 یوم معافی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قیدیوں اور جیل عملے کیلئے 5 ارب 50 کروڑ روپے کے خصوصی پریزن پیکیج کا اعلان کردیا ہے۔ عثمان بزدارنے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں خصوصی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ1894کے 127سالہ پرانے جیل قوانین، قواعد اور روایات کو تبدیل کیا جائے گا۔ قیدیوں کیلئے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ قیدیوں کو قابل نفرت بنانے کی بجائے معاشرے کا مفید شہری بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ قیدی قابل نفرت نہیں ہوتے، صرف جرم قابل نفرت ہوتا ہے۔ قیدی انسان ہیں اور انسان قابل صلاح ہوتا ہے۔ قیدیوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے پر توجہ دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے قیدیوں کی سزا میں 60 یوم کی عام معافی کا اعلان کیا اورکہا کہ قیدیوں کو میٹرس، کمبل اور تکیہ رکھنے کی اجازت ہوگی۔ سخت سردی کے موسم میں اسیران کے لئے تمام جیلوں میں گیزر نصب کئے جائیں گے۔ جیلوں میں ایل سی ڈی ٹی وی پر کیبل نیٹ ورک کے ذریعے نیوز اور انٹرٹینمنٹ چینل دکھائے جائیں گے۔ انڈسٹریز کے تعاون سے جیلوں میں قیدیوں کی تیارشدہ مصنوعات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم سے ہر قیدی کو ماہانہ بنیاد پر دی جائے گی۔خواتین قیدیوںکے ساتھ 6سال تک کے بچوں کیلئے تعلیم، تفریحی سہولیات اور ڈے کیئر سینٹر کا اہتمام کیا جائے گا۔ کمسن قیدیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور ان کے استحصال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ لوڈشیڈنگ، بجلی کی بندش اور خرابی کے امور کو حل کرنے کیلئے تمام جیلوں کو بتدریج سولر انرجی پر منتقل کیا جائیگا۔ ہر سال رمضان المبارک میں قیدیوں کی دیت، جرمانے کی ادائیگی کا مربوط اور منظم نظام وضع کیا جا رہا ہے۔ عشرہ شان رحمت للعالمینؐ کی مناسبت سے قیدیوں کیساتھ ساتھ جیل سٹاف کو بھی پیکیج دیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے جیل ملازمین کی تنخواہوں و الائونسز کے ساتھ ایک اضافی بنیادی تنخواہ کے برابر پریزن سکیورٹی الائونس دینے کا اعلان کیا اور اس پیکیج پر تقریباً2 ارب 77 کروڑ روپے خرچ ہوںگے۔ جیل وارڈن، ہیڈ وارڈن اور چیف وارڈن کی پوسٹوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس پر 9 کروڑ 24 لاکھ روپے خرچ ہوںگے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ جیل خانہ جات کو 21 آپریشنل گاڑیاں دینے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس پر 10 کروڑ 64 لاکھ روپے صرف ہوںگے۔ پنجاب پریزن سروس کے شہداء کے بچوں کو سرکاری ملازمت دی جائے گی۔ جیلوں میں ربیع الاول کی مناسبت سے ہفتہ شان رحمت للعالمینؐمنایا جا رہا ہے۔ بزدار سے ارکان پنجاب اسمبلی سمیرا احمد اور سعدیہ سہیل نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور میں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں۔ ماضی میں لاہور میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کو نظر انداز کیا گیا۔ سابق حکومت نے لاہور کے شہریوں کی ترجیحات کو پس پشت ڈال کر ذاتی پسند کے منصوبوں کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آلودگی پر قابو پانے کیلئے لاہور میں 52 میاواکی اربن فارسٹ لگارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی معاشرہ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ نئے پاکستان میں خواتین کو عزت و احترام، ترقی، خود مختاری اور تحفظ دیں گے۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں کچی آبادیوں کو ریگولر کرنے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور تمام جزئیات کا جائزہ لے کر جلد حتمی سفارشات پیش کرے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جیل کے قیدیوں کیلئے ٹی وی کیبل نیٹ ورکنگ سسٹم‘ جم اور فٹنس سنٹر کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے جم اور فٹنس سنٹر میں قیدیوں کیلئے ایکسر سائز کی مشینیں دیکھیں۔ ایک مشین پر خود بھی ایکسرسائز کی۔