• news

نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کا عمل شروع: وزیر اطلاعات

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+نیشن رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی کے نئے ڈی جی کے تقرر کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر پر مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور نئے تقرر کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر سول اور فوجی قیادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کے لیے تمام ادارے متحد اور یکسو ہیں۔  دی نیشن رپورٹ کے مطابق حکام  نے قبل ازیں ملنے والی اطلاعات کی تردید کی ہے کہ سمری وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہو چکی ہے۔ سمری کی تیاری اور منظوری میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے حوالے سے سمری ابھی تک تکمیل کے مراحل میں ہے اور اس میں فی الحال دو نام ہیں۔ جن میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم اور کور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شامل ہیں جبکہ تیسرے نام پر غور کیا جا رہا ہے اور تیسرے نام کے بعد سمری وزیراعظم کو بھجوائی جائے گی۔ قبل ازیں وزیراعظم نے شاہ محمود اور پرویز خٹک سے اس پر مشاورت کی جس کے بعد وزیر اطلاعات نے اس بات کو کنفرم کیا کہ مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی 25 اکتوبر تک اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن