• news

پرویز خٹک کی ملاقات ناکام، مائنس جام کمال کے سواآپشن قبول نہیں، ناراض ارکان

کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کا سیاسی بحران کوئٹہ سے اسلام آباد منتقل، گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان، ناراض ارکان اسمبلی اسلام آباد پہنچ گئے۔ گزشتہ روز ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ناراض ارکان اور وزیراعلیٰ آج کوئٹہ واپس آئیں گے۔ گورنر بلوچستان سید ظہور آغا، وزیر اعلی بلوچستان جام کمال اور ناراض اراکین کی بڑی تعداد نے اسلام آباد میں ڈیرے جما لئے۔ گورنر بلوچستان نے گزشتہ دو روز میں وزیراعظم عمر ان خان اور چیئرمین سینٹ سے ملاقاتیں کی ہیں اور ان سے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ جام کمال خان نے بدھ کو اسلام آباد پہنچنے کے بعد وزیراعظم ہائوس میں ماحولیاتی تبدیلی پر منعقدہ ایک اجلاس میں شرکت کی جس کے بعد انہوں نے بھی اہم ملاقاتیں کیں اور بدھ کی شب بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض ارکان، سپیکر میر عبدالقدوس بزنجو، پارٹی کے چیف آرگنائزر میر جان محمد جمالی، قائم مقام صدر میر ظہور بلیدی، سردار عبدالرحمن کھیتران سمیت دیگر بھی اسلام آباد میں موجود ہیں۔ انہوں نے بدھ کی دوپہر چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کی اور انہیں اپنے موقف، سیاسی صورتحال، وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے آگاہ کیا۔ جبکہ ناراض ارکان سے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل منظور احمد کاکڑ، سینیٹر نصیب بازئی‘ سینیٹر کہدہ بابر بھی موجود تھے۔ ناراض ارکان نے واضح کیا کہ وہ اب بھی مائنس جام  کمال فارمولے پر قائم ہیں۔ ناراض گروپ کی آج وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات متوقع ہے جس کے بعد ناراض ارکان کی آج کوئٹہ واپسی متوقع ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ میں موجود ناراض ارکان نے بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سینیٹر سعید احمد ہاشمی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ناراض ارکان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے قائم مقام صدر رکن صوبائی اسمبلی  میرظہور بلیدی نے وزیراعظم سے سیاسی صورتحال میں مداخلت کی اپیل کردی ہے۔ اس تمام صورتحال میں صوبے کی اپوزیشن جماعتیں خاموش نظر آئیں۔ اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اﷲ لانگو نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے جو کھڈے ہمارے لئے کھودے ہیں وہ خود ان کھڈوں میں گر جائیں گے۔ وزیراعلیٰ جام کمال کی شفاف سیاست کے سامنے غیر فطری اتحاد کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ متحد ہیں اور پی ڈی ایم کی ہر سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ 

ای پیپر-دی نیشن