یوم ولادت رسولؐ پر مرکزی تقریب‘ وزیراعظم کی منظوری سے 3 انتظامی کمیٹیاں قائم
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) یوم ولادت رسول کریم ؐ کے روز سرکاری سطح پر مرکزی تقریب کے اہتمام کیلئے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت و منظوری سے 3 انتظامی کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔ وزیر تعلیم شفقت محمود اور ڈاکٹر عطاء الرحمان پر مشتمل کمیٹی نمبر 1 مہمانان گرامی کا تعین کرے گی۔ سینیٹر فیصل جاوید کی سربراہی میں قائم کمیٹی نمبر 2 معاونین خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور عثمان ڈار پر مشتمل ہو گی۔ کمیٹی نمبر 2 تقریب کی کارروائی، سٹیج کے انتظامات اور تزئین و آرائش کے معاملات دیکھے گی۔ چیف آرگنائزر تحریک انصاف سینیٹر سیف اللہ خان نیازی اور ملک عامر ڈوگر پر مشتمل کمیٹی نمبر 3 تقریب میں عوام کی شرکت کے عمل کی نگرانی کرے گی۔ وزارت اطلاعات و نشریات انعقاد سے قبل، دوران اور بعد میں تقریب کی نشر و اشاعت کی ذمہ دار ہو گی۔ صدر مملکت کو بھی خصوصی طور پر تقریب میں مدعو کیا جائے گا۔ وفاقی وزیرتعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود صدر مملکت کو تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دیں گے۔