یکطر فہ فیصلے سے کر کٹ شائقین کی دل آزار ی ہوئی: شاہ محمود
اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ ننایا مہوٹا نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بذریعہ ویڈیو لنک رابطہ کیا۔ دوطرفہ تعلقات، علاقائی بالخصوص افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا افغان شہریوں کو تنہائی کا شکار نہ ہونے دیا جائے۔ کیوی وزیر خارجہ نے نیوزی لینڈ سمیت مختلف ممالک کے شہریوں کو کابل سے محفوظ انخلاء میں بھرپور مدد فراہم کرنے پر شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے بھارت کے غیرقانونی قبضے والے جموں و کشمیر میں، بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے فیٹف (FATF) کے حوالے سے مؤثر اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ نیوز ی لینڈ تکنیکی بنیادوں پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر خارجہ نے کیوی کرکٹ ٹیم کی واپسی کے یکطرفہ فیصلے کا معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ اس یکطرفہ فیصلے سے دونوں ممالک میں کرکٹ شائقین کی دل آزاری ہوئی ہے۔ منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کیخلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا وزیر خارجہ نے کہا کہ امید ہے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ منسوخی کے محرکات شیئر کریگا۔ وزیر خارجہ نے تجویز دی کہ نیوزی لینڈ دوبارہ دورہ پاکستان پر غور کر سکتا ہے۔