مینار پاکستان واقعہ‘ ملزموں کے ریمانڈ میں توسیع‘ ٹک ٹاکر پر بھی گرفت کا فیصلہ
لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ نامہ نگار) ضلع کچہری عدالت نے گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر سے بدتمیزی کیس میں ریمبو سمیت گیارہ ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی۔ ملزمان کے لواحقین نے شدید احتجاج کیا اور پولیس کے ساتھ دھکم پیل بھی ہوئی ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ خالد محمود کی عدالت میں گرفتار ملزمان کو پیش کیا گیا۔ پولیس نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تو ملزمان کے وکیل کا کہنا تھا جن کو گرفتار کیا گیا وہی ٹک ٹاکر کو بچا رہے تھے۔ اب تو آڈیو سامنے آ گئی ہے۔ جس میں عاشہ اکرم پیسہ مانگ رہی ہے۔ سماعت کے موقع پر لواحقین کی بڑی تعداد بھی ضلع کچہری میں موجود تھی۔ ملزمان بھی اپنے والدین کے ساتھ گلے مل مل کر روتے رہے۔ ایک ملزم کی گونگی ماں منہ پیٹ پیٹ کر احتجاج کرتی رہی۔ ملزمان کے لواحقین نے کہا کہ عاشہ اکرم کو بھی گرفتار کیا جائے۔ موبائل کا فرانزک کروایا جائے توتمام حقاق سامنے آ جائیں گے۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے ٹک ٹاکر نرس عائشہ اکرم کو بھی قانون کی گرفت میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور ریمبو کی جانب سے نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر ان کے خلاف انسداد الیکٹرانک جرائم ایکٹ (اپیکا) کے تحت کارروائی کے لئے لیگل ڈیپارٹمنٹ سے قانونی رائے مانگ لی ہے۔ ذرائع کے مطابق ریمبو اور عائشہ نے مرضی کے ساتھ قابل اعتراض ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کی تھیں جو جرم ہے۔ ریمبو اور عائشہ اکرم کو سات سال کی سزا ہو سکتی ہے۔