ن لیگ کے خاندانی اختلافات کو بیان بازی سے چھپایا نہیں جاسکتا: حسان خاور
لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے مریم نواز شریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاسی پہچان کرپشن کے خلاف جنگ اور موروثی سیاست کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے پوری دنیا میں پاکستان کی ساکھ بحال کی ہے اور اب برطانوی وزیراعظم بھی اپنی تقاریر میں عمران خان کے کام کے حوالے دیتے ہیں۔ حسان خاور نے کہا کہ پی ڈی ایم اور ن لیگ کے خاندانی اختلافات روز روشن کی طرح عیاں ہیں اور بیان بازی سے ان کو چھپایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کی خاطر اگر جیل کاٹنی ہوتی تو نواز شریف آج لندن نہ بیٹھے ہوتے۔ اگر ان کے پاس چھپانے کو کچھ نہیں ہے تو لندن سے واپس آکر قانون اور عدالتوں کا سامنا کریں۔دریں اثناء حکومت پنجاب کے ترجمان حسّان خاور نے بتایا ہے کہ سیاسی شخصیات کے جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بنانے پر مختلف شہروں میں سات افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ قومی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ حسّان خاور نے مزید کہا ہے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں۔ حکومت پنجاب بچوں کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ وہ ملاقات کے لئے آنے والی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارا احمد سے بات چیت کر رہے تھے۔ سارا احمد نے حسان خاور کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ذمہ داریوں اور طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی۔