شہباز شریف سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات
لاہور (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار) شہباز شریف سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے لاہور میں ملاقات کی۔ ظہرانے پر ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ علاقائی صورتحال اور خطے میں امن، خصوصی طور پر افغانستان کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے شہباز شریف کی پنجاب میں بطور وزیر اعلی خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں میاں نواز شریف کی قیادت میں لوڈشیڈنگ کے خاتمہ، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور مسلم لیگ (ن) کے دور میں معاشی ترقی کے لئے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف سے بھی پاکستان میں امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے جاتی امرا، رائیونڈ میں ملاقات کی۔ امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر کی آمد پر مریم نوازشریف نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور، پاکستان امریکہ تعلقات، عالمی و علاقائی امن وسلامتی، افغانستان کی صورتحال، خواتین اور بچوں کے حقوق، تعلیم و صحت اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نوازشریف نے نوازشریف اور پارٹی کی جانب سے نومنتخب صدر جوبائیڈن اور ان کی حکومت کو مبارکباد اور پاکستان کے عوام کی طرف سے خیرسگالی کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے عدم مداخلت کی پالیسی کو اپنی خارجہ پالیسی کا بنیادی محور بنایا تھا اور ہمسایوں سمیت تمام ممالک کے ساتھ خوشگوار، باہمی اعتماد، امن وترقی پر مبنی تعلقات کو فروغ دیا تھا۔ افغانستان میں کسی مداخلت کے حامی نہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں۔ نوازشریف نے دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ تشکیل دیا اور پوری قوم کو اس عفریت کے خلاف متحد کیا۔