سرمایہ کار سہولت سینٹر کا افتتاح : زیرو این او سی پالیسی لا رہے ہیں : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ’’وزیراعلیٰ سرمایہ کار سہولت سینٹر‘‘ کا افتتاح کر دیا ہے۔ عثمان بزدار نے خطاب میںکہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب اب تک چین کے سرمایہ کاروں کیلئے بہترین اور اولین انتخاب بن چکا ہے۔ 2018 سے اب تک 3 سال میں چین کے سرمایہ کار ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرچکے ہیں۔ چین کا سب سے بڑا گارمنٹس گروپ ’’چیلنج فیشن‘‘ پنجاب میں 15 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری لا رہا ہے۔ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے سہولتیں دینے اور آسانیاں پیدا کرنے کیلئے چیف منسٹر آفس کے تحت وزیراعلیٰ سرمایہ کاری سہولت سینٹر قائم کیا ہے اور یہ سینٹر سرمایہ کاری سے متعلقہ امور کے حوالے سے تمام اقدامات فوری کرے گا اور کوئی سرخ فیتہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل نہیں ہوسکے گا۔ بزنس کی پلاننگ سے پراجیکٹ کے آغاز تک حائل رکاوٹوں کو آسانی سے دور کیا جا سکے گا۔ پنجاب کو سرمایہ کاری کے نئے دور میں داخل کرنے کیلئے ہم "Zero NOC" کی پالیسی لا رہے ہیں اور زیرو این سی او کی پالیسی سے تاجر، صنعت کار اور سرمایہ کار باعزت طریقے سے آسانی کے ساتھ نہ صرف کاروبار شروع کر سکیں گے بلکہ اسے ترقی بھی دے سکیں گے۔ اسی پالیسی کے تحت ’’چیلنج فیشن‘‘ کو کاروبار کیلئے 2 ہفتے کی قلیل مدت میں این او سی جاری کر دیا گیا ہے۔ ہمارے اس بزنس دوست اقدام سے 20 ہزار سے زائد روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ پنجاب میں مقامی صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے قابل ذکر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں 7 دہائیوں سے صرف 12 سیمنٹ پلانٹ تھے۔ ہماری حکومت نے 3 سال میں 10 سیمنٹ پلانٹ کیلئے این او سی جاری کر دیئے ہیں جبکہ مزید 10 سیمنٹ پلانٹ کی منظوری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اسی طرح ہماری حکومت سے قبل پنجاب میں صرف 2 سپیشل اکنامک زونز تھے۔ ہم نے 3 برس میں 12 سپیشل اکنامک زونز پر کام شروع کیا ہے جبکہ 8 نئے سپیشل اکنامک زونز میں انڈسٹریلائزیشن کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ 4 انڈسٹریل اسٹیٹس کو اپ گریڈ کرکے سپیشل اکنامک زونز کا درجہ دیا جا رہا ہے۔ نوجوانوں کیلئے روزگار اور چھوٹے قرضوں کی فراہمی کیلئے بینک آف پنجاب کے اشتراک سے 30 ارب روپے مالیت کے پنجاب روزگار پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ صوبے میں زراعت اور لائیوسٹاک کے پوٹینشل کو پوری طرح استعمال میں لانے کیلئے کوشاں ہیں۔ پنجاب حکومت نومبر میں دبئی ایکسپو میں صوبے کی ثقافتی اور تجارتی ’’شو کیسنگ‘‘ کرے گی۔ عثمان بزدار نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی وخوشحالی میں دیہی خواتین کا کلیدی کردار ہے۔ پنجاب میں دیہی خواتین کھیتی باڑی، دستکاری، لائیوسٹاک اور دیگر کاموں میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کرتی ہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے قیدیوں کے لئے ایک اور احسن اقدام کیا ہے۔ قیدی اب جیل بیرکس میں اخبارات کا مطالعہ بھی کرسکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے جیلوں کی بیرکس میں قیدیوں کیلئے اخبارات کے اجراء کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں 20سے زائد جیلوں کے وزٹ کرچکا ہوں۔ قیدی جس کرب سے گزرتے ہیں وہ ناقابل بیان ہے۔