• news

جام کمال کی وزیراعظم سے ملاقات ، پارٹی صدر ہوں ، استعفیٰ نہیں دیا : وزیر اعلی 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم کو بلوچستان پیکیج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے بلوچستان کیلئے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا۔ بلوچستان کی افرادی قوت ملک کا اصل اثاثہ ہے۔ حکومت بلوچ نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ جام کمال نے وزیراعظم کو بلوچستان کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمشن سے بھی ملاقات کرکے ظہور بلیدی کی قائم مقام صدر تعیناتی کو غیرقانونی قرار دیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ میں نے تحریری طور پر استعفیٰ نہیں دیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی کا مرکزی صدر ہوں۔ بلوچستان عوامی پارٹی میں قائم مقام صدر کی کوئی گنجائش نہیں۔ جام کمال نے پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری پارٹی صدارت قائم ہے۔ میں نے کوئی آفیشل استعفیٰ نہیں دیا۔ صحافی نے سوال کیا آپ نے ٹویٹ کرکے استعفیٰ دیا تھا۔ جام کمال نے کہا کہ میں نے ٹویٹ میں خواہش کا اظہار کیا تھا۔ بہت سارے ناراض ارکان میرے ساتھ ہیں۔بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان عبدالرحمن کھیتران نے جام کمال پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ جام کمال نے مجھے میرے بیٹے کے ذریعے آفر بھیجی میرے بیٹے کو من پسند وزارت اور دیگر کی آفر کی گئی۔ پانی سر سے گزر چکا۔ ہر حال میں جام کمال کو جانا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن