ہائی ٹیک نظام کی شمولیت سے پاکستان کا ایئر ڈیفنس نا قابل تسخیر بن چکا : آرمی چیف
کراچی+ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ خبر نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہائی ٹیک سسٹم کی شمولیت سے درپیش خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ پاک فضائیہ اور آرمی ایئر ڈیفنس کے مابین ربط سے ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہوچکا ہے۔ وہ آرمی ایئر ڈیفنس سینٹر کراچی کے دورہ اور چینی ساختہ ایچ کیو 9 پی ویپن سسٹم کی آرمی ایئر ڈیفنس میں شمولیت کی تقریب میں شرکت کے موقع پر خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایئر ڈیفنس سینٹر کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چینی ساختہ ایچ کیو 9 پی ویپن سسٹم کی آرمی ایئر ڈیفنس میں شمولیت کی تقریب میں شرکت کی۔ آرمی چیف کو کمانڈر ایئر ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان نے ویپن سسٹم سے آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ ہائی ٹیک سسٹمز کی شمولیت سے ملکی ائیر ڈیفنس کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور وطن عزیز کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں بہتر طور پر مدد ملے گی۔ ایئر ڈیفنس مجموعی دفاعی نظام میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ اور آرمی ایئر ڈیفنس کے مابین مثالی ربط سے ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہوچکا ہے۔ ایئر فورس اور آرمی ایئر ڈیفنس فضائی سرحدوں کے دفاع کیلئے مثالی کام کر رہے ہیں۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاک چین سٹرٹیجک شراکت داری خطے میں استحکام کا عنصر ہے۔ تقریب میں چینی حکام نے بھی شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شہدا کی یادگار پر پھول بھی چڑھائے۔ ہائی ٹو میڈیم ائیر ڈیفنس سسٹم ایچ کیو 9 پی ویپن سسٹم 100 کلومیٹر تک اپنے اہداف کو انگیج کر سکتا ہے۔ آرمی ائیر ڈیفنس میں شامل کیا گیا ایچ کیو 9 پی ویپن سسٹم، جہاز، کروز میزائل اور بی وی آر ہتھیاروں سمیت مختلف ٹارگٹس کو انگیج کرتا ہے۔ ایچ کیو 9 پی ویپن سسٹم سے پاکستان کا فضائی دفاع مزید ناقابل تسخیر ہو گیا ہے۔