حکومت سرمایہ کاروں کی آسانی کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے: صوبائی وزیرخزانہ
لاہور(کامرس رپورٹر) وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب سرمایہ کاروں کی آسانی کے لیے انقلابی اقدامات اْٹھا رہی۔ نئے کاروبار کے لیے این او سیز کے اجراء کی زیر ٹائم سٹارٹ اپ پالیسی سرمایہ کاروں کے لیے اب تک کی سب سے بڑی سہولت ثابت ہو گی۔زیر ٹائم سٹارٹ اپ پالیسی کے تحت نئے کاروبار یا صنعت کا آغاز کرنے والے سرمایہ کار مختلف محکموں سے جاری ہونے والے تمام این او سی ایک پرائمری ایجنسی سے حاصل کر کیں گے۔پالیسی کے تحت این او سیز کے اجراء کے لیے وقت کا تعین کاروبار یا صنعت کی نوعیت کے اعتبار سے کیا جائے گا۔ کم رسک والے کاروبار 7دن جبکہ اوسط رسک والے 10دن کے اندر تمام این او سیز حاصل کر سکیں گے۔ مختلف محکموں میں این او سیز کے اجراء سے متعلق قوانین اور شرائط پر بھی نظر ثانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز حکومت پنجاب کے زیر اہتمام سرمایہ کاری سہولت سیل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ این او سیز کا حصول روز اول سے سرمایہ کاروں کے لیے ایک بڑا مسئلہ رہا ہے۔ بالخصوص بیرونی سرمایہ کار این او سیز کے حصول کے دورانیہ میں ہی سرمایہ کاری میں دلچسپی کھو دیتے ہیں۔موجودہ حکومت ملک میں معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی سہولت مہیا کر رہی ہے صوبے میں انڈسٹریل زونز لگائے جا رہی ہیں۔ پنجاب حکومت درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لیے مینوفیکچرنگ کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ بیرون ممالک پر انحصار ختم کرنے کے لیے صوبے میں میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹریاں لگائی جا رہی ہیں۔ موجودہ حکومت صنعت و کاروبار کے میدان میں ایسی اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں جو پچھلے 70سالوں میں متعارف نہیں کروائی گئیں۔ اس ضمن میں حکومت پنجاب کو وفاقی حکومت کی جانب سے بھی مکمل تعاون حاصل ہے۔