• news

ترک سفیر احسان مصطفی  کا فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح 

لاہور(خصوصی نامہ نگار)الخدمت فاؤنڈیشن کے صاف پانی پروگرام کے تحت ترک سماجی تنظیم ٹکا کے تعاون سے ٹاؤن شپ لاہور واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کردیا گیا۔پاکستان میں ترک سفیر احسان مصطفی یردکل نے فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب میں ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے عوام بھائی چارے اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہیں۔ترکی کی جانب سے پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے بے شمار منصوبوں پر کام جاری ہے۔صاف پانی کی فراہمی یہاں ایک اہم مسئلہ ہے۔ٹکا اور الخدمت فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے لگائے جانے والے فلٹریشن پلانٹ سے ہمارے پاکستانی بھائیوں کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا۔انشاء اللہ مستقبل میں مزید پانی کے منصوبے بھی لگائے جائیں گے۔ سینئر نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن سید احسان اللہ وقاص نے اپنے خطاب میں بتایا کہ الحمدللہ آج 170واں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔جدید آر او فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب سے روزانہ سینکڑوں اہلیانِ علاقہ کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا۔الخدمت فاؤنڈیشن صاف پانی کی اہمیت کے حوالے سے آگہی مہم کے ساتھ ساتھ صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔اب تک ملک بھر میں 11103صاف پانی کے منصوبے مکمل کئے گئے جن سے روزانہ 36 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہورہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن