ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ قومی کرکٹرز کی تیاری مکمل آج امارات روانگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ قومی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ نے گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں سینیاریو میچ کے بجائے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ قومی سکواڈ کا ٹریننگ سیشن شام 5 بجے شروع ہوا اور 2 گھنٹے پر مشتمل ٹریننگ سیشن میں کھلاڑیوں نے نیٹ سیشن کیا۔کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ قومی سکواڈ آج صبح 11 بجے دبئی روانہ ہوگا جس کیلئے سکواڈ آج صبح 7 بجے مقامی ہوٹل سے ایئرپورٹ کیلئے نکلے گا۔بورڈ کے مطابق سکواڈ کی گزشتہ روز کی گئی کرونا ٹیسٹنگ رپورٹ منفی آئی ہے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہو گا، پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف24اکتوبر کو کھیلے گا۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلے گا، تیسرا میچ میں 29 اکتوبر کو افغانستان کیخلاف ہو گا۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل 10 اور 11 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر کو ہو گا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم نئی کٹ زیب تن کرے گی، ٹیم کی جرسی میں گہرا اور ہلکا سبز رنگ نمایاں ہے۔میگا ایونٹ کیلئے پاکستان کی نئی کٹ متعارف کرادی گئی ہے ،ٹیم کی جرسی میں گہرا اور ہلکا سبز رنگ نمایاں ہے جبکہ شرٹ کے بائیں جانب ستارہ اور دائیں جانب ورلڈ کپ کا لوگو ہے۔خیال رہے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے آغاز میں صرف دو دن باقی رہ گئے ہیں۔ یو اے ای پہنچنے کے بعد ٹیم ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ سے وارم اپ میچز کھیلے گی۔