• news

احسان مانی‘وسیم خان کے غلط فیصلوں سے پی ایس ایل کی ویلیو متاثر ہو ئی : نعمان بٹ

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل فرنچائز مالکان کے مابین اتفاق رائے خوش آئند ہے۔ پاکستان سپر لیگ ہمارا سب سے بڑا اور کامیاب برانڈ ہے۔ احسان مانی اور وسیم خان کے غلط فیصلوں کی وجہ سے برانڈ ویلیو بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ رمیز راجہ آتے ساتھ ہی پی ایس ایل کے مسائل حل کرنے کی طرف بڑھے ہیں۔ فرنچائز مالکان کی طرف سے بورڈ کی پیشکش کو قبول کرنے سے اب کم از کم تنازعات کے بجائے تعمیری کاموں پر توجہ دی جائیگی۔ رمیز راجہ کرکٹ بورڈ کو مالی طور پر مضبوط بنانا چاہتے ہیں اور پاکستان سپر لیگ آمدن کا ایک بڑا ذریعہ ہے اس پر جتنی توجہ دی جائے وہ کم ہے۔ کسی بھی نظام کی کامیابی کیلئے سٹیک ہولڈرز میں اتفاق رائے کا ہونا ضروری ہے۔ اب کھلاڑیوں کے مالی مسائل بھی ترجیحی بنیادو پر حل ہونے چاہئیں۔ جب تک کھلاڑی خوشحال نہیں ہوں گے کھیل ترقی نہیں کر سکے گا۔ ملک بھر کے کرکٹ آرگنائزرز کو نئے چیئرمین سے بہت توقعات ہیں امید ہے وہ کھیل کی خدمت کرنے والے ان ہیروز کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن