• news

کرکٹ کی بہتری کے ہر فیصلے میں رمیز راجہ کا ساتھ دینگے : عاطف رانا

لاہور (حافظ محمد عمران/سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا نے کہاہے کہ کھیل کی بہتری کے ہر فیصلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین رمیز راجہ کا ساتھ دینگے۔ نئے چیئرمین پی ایس ایل کو دنیا کی بہترین لیگ بنانا چاہتے ہیں، وہ دنیا کے بہترین پلیئرز کو لیگ میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم پہلے دن سے پاکستان سپر لیگ کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں۔ نئے چیئرمین نئے آئیڈیاز کیساتھ آئے ہیں۔ ہم ان کیساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ ملکی کرکٹ کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے رمیز راجہ کیساتھ مل کر کام کریں گے۔ ہماری کرکٹ کا مالی طور پر مضبوط ہونا بہت ضروری ہے۔ ساتویں ایڈیشن کی تیاریاں شروع کر رکھی ہیں۔ ہم پورا سال کرونا ویکسی نیشن کیلئے بھی کام کرتے رہے ہیں تاکہ پاکستان سپر لیگ شروع ہونے کے وقت تک لاہور کوویڈ فری ہو جائے اور لاہوریوں کی سٹیڈیم آمد میں کوئی رکاوٹ نہ رہے۔ ساتویں ایڈیشن سے پہلے بھی شائقین کی توجہ حاصل کرنے کیلئے کچھ ضرور کریں گے۔ کوئی اس طرف توجہ دے یا نہ دے لیکن ہم اس مرتبہ بھی یہ کام ضرور کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ تین سال کیلئے پی ایس ایل کے کئی معاہدے کرنے ہیں ہمیں امید ہے کہ بہتر معاہدوں سے فرنچائز مالکان کی مالی مشکلات کم ہوں گی۔ فرنچائزز کیلئے پاکستان سپر لیگ کو مالی طور پر منافع بخش بنانے کے حوالے سے یہ اہم وقت ہے اگر بہتر معاہدے ہوئے تو مسائل حل ہو سکتے ہیں اگر مثالی حالات نہ بھی ہوئے تو ہم کئی برسوں سے مالی نقصان کے باوجود ملکی کرکٹ کی خاطر کام کر رہے ہیں، آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ جب ہم پاکستان سپر لیگ کا حصہ بنے تھے اس وقت بھی صرف کاروبار کا ذہن نہیں تھا۔ ملکی کرکٹ کی خدمت آج بھی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرتے ہوئے بجٹ پر کام کرنا ضروری ہے آنے والے دنوں میں اس حوالے سے بات چیت ضرور ہو گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور فرنچائز مالکان کے مابین اتفاق رائے ہونا خوش آئند ہے۔

ای پیپر-دی نیشن