پاکستان ٹیم 2009ء کی طرح چیمپئن بن سکتی ہے:شاہد آفریدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم 2009ء کی طرح چیمپئن بن سکتی ہے، پاکستان کی یہ ٹیم میگا ایونٹ میں کسی بھی ٹیم کو ہراسکتی ہے۔ 12 سال قبل پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے تب بھی پوری قوم میں مایوسی تھی۔ 2009ء میں بھی تین ماہ بعد ورلڈ کپ ہوا تو اس وقت پاکستان ٹیم ہی تھی جس نے قوم کو ٹائٹل جیت کر خوشی کا موقع فراہم کیا، ٹیم میں وہی سپرٹ نظر آرہی ہے، حالات بھی پہلے سے زیادہ مختلف نہیں ہے۔نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے ملتوی ہونے سے پاکستان میں کرکٹ کے متوالے آج بھی مایوس ہیں اور انہیں امید ہے کہ یو اے ای میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کھلاڑی 2009ء کی تاریخ دہرائیں گے۔ ہماری ٹیم ورلڈ کپ میں بھارت سمیت کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، قومی ٹیم کسی کیلئے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔ ٹی ٹونٹی کا فارمیٹ ہمیں سوٹ کرتا ہے، ہم ٹی ٹونٹی میں ہر ٹیم کے خلاف کامیاب رہے، پاکستان کی موجودہ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی ہے، قومی ٹیم کو کبھی بھی انڈر اسٹیمیٹ نہ کریں۔