کرونا، 27 اموات ایک روزہ لازمی کاروباری بندش ختم ، شادی میں مہمان بڑھانے کی اجازت
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ آئی این پی) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید 27افراد جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 228 ہوگئی، ایک ہزار 86 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 62 ہزار 771 ہوگئی۔ جمعہ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق امریکہ نے کوویکس سہولت کے تحت فائزر ویکسین کی مزید 69لاکھ خوراکیں پاکستان کو بھیجنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس کے بعد پاکستان کو امریکہ کی جانب سے فراہم کردہ کرونا ویکیسین کی مجموعی تعداد ڈھائی کروڑ ہوجائے گی۔ تفصیلات کے مطابق فائزر ویکسین امریکہ کی جانب سے رواں سال موسم گرما میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے29 ممالک میں تقسیم کرنے کی غرض سے خریدے جانے والے 50 کروڑ فائزر ویکسین کی ایک کھیپ کا حصہ ہیں جو صدر بائیڈن کے اس عزم کی تکمیل کی جانب ایک قدم ہے۔ این سی او سی نے ملک بھر میں ہفتہ وار ایک روز کی بندش ختم کردی۔ ان ڈور شادی تقریبات میں شرکاء کی تعداد 200 سے بڑھا کر 300 کردی گئی۔ این سی او سی نے کہا ہے کہ بندش کے خاتمے کا فیصلہ بیماری کے کم پھیلائو اور ویکسی نیشن مہم کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ آئوٹ ڈور شادی کی تقریبات میں 500 افراد کی شرکت کی اجازت ہوگی۔ سینما اور مزارات کو بھی مکمل ویکسین شدہ افراد کیلئے کھول دیا گیا۔ دریں اثناء تعلیمی اداروں میں ہفتے کی چھٹی بحال کر دی گئی۔ تعلیمی اداروں میں اب پیر سے جمعہ تک 100 فیصد حاضری کے ساتھ پانچ دن کلاسز ہوں گی۔ کرونا کے باعث تعلیمی اداروں میں چھ دن کلاسز ہورہی تھیں کیونکہ بچوں کو 2 گروپس میں تقسیم کرکے 50 فیصد حاضری کیساتھ بلایا جارہا تھا تاہم ملک میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد حکومت نے سکولوں میں پچاس فیصد حاضری کی شرط ختم کردی ہے اور تمام تعلیمی اداروں میں پوری حاضری کے ساتھ کلاسز شروع ہوگئی ہیں۔انسداد کرونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کاروباری مراکز کی ہفتہ وار ایک دن کی لازمی بندش ختم کردی ہے، این سی او سی نے کم بیماری کے پھیلائو اور جاری ویکسینیشن مہم کے تناظر میں فورم نے ملک بھر میں ہفتہ وار ایک دن کی لازمی بندش کو ختم کیا گیاہے، جمعہ کو این سی او سی کے اجلاس میں اضلاع کی مکمل ویکسینیشن کی سطح کے تناسب میں ملک میں بیماری کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کم بیماری کے پھیلائو اور جاری ویکسینیشن مہم کے تناظر میں فورم نے ملک بھر میں ہفتہ وار ایک دن کی لازمی بندش کو ختم کر دیا گیا، این پی آئیز کا نفاذ 16سے 31اکتوبرتک جاری رہے گا ۔