• news

میٹرک نتائج:لاہور 98گوجرانوالہ بورڈ میں99فیصدطلبہ پلس


لاہور+راولپنڈی(سٹاف رپورٹر +خصوصی رپورٹر+ جنرل رپورٹر+ علاقائی نمائندوں سے) بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے پنجاب بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحان 2021ء کا کووڈ 19 پالسی کے تحت اعلان کر دیا۔ لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق چیئرمین لاہور بورڈ ڈاکٹر مرزا حبیب علی نے نتائج کا اعلان کیا اور بتایا کہ امتحان دینے واالے میٹرک کے تمام بچوں کو پاس کر دیا گیا۔ صرف غیرحاضر ہونیوالے بچے فیل ہوئے ہیں۔ سپیشل امتحان11 دسمبر سے لیا جائے گا۔ سپیشل امتحان غیر حاضر اور نمبروں سے نہ خوش طلباء دے سکیں گے۔ میٹرک کا رزلٹ لاہور بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔ دو لاکھ چھ ہزار 349 طلباء میں سے دو لاکھ 4 ہزار 124 طلباء کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کا تناسب 98.92 فیصد رہا۔ 60 ہزار 692 طلباء نے اے پلس گریڈ، 26 ہزار 228 طلباء اے گریڈ میں کامیاب بی گریڈ میں 31 ہزار 914 طلباء اور 44 ہزار 557 طلباء  سی گریڈ میں کامیاب ہوئے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد بورڈ کے مطابق 240 سے زائد طلباء نے 100 فیصد نمبر حاصل کئے۔ کووڈ 19 کے تحت بنائی گئی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے طلباء کو اعزازی نمبر دیئے گئے ہیں۔ ایک لاکھ 84 ہزار 734 امیدواروں نے شرکت کی۔ جس میں سے ایک لاکھ 82 ہزار 95 پاس ہوئے۔ یوں کامیابی کا تناسب 99 اعشاریہ صفر فیصد رہا۔ ملتان میں 130310 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی۔ 129455 طلبہ کامیاب ہوئے‘ کامیابی کا تناسب 99.34 فیصد رہا۔ گوجرانوالہ کے میٹرک امتحانات میں 2 لاکھ 48 ہزار 156 امیدواروں نے حصہ لیا۔ 2 لاکھ 46 ہزار 392 امیدوار پاس ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 99.29 فیصد رہا۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سرگودھا بورڈ ذرائع کے مطابق میٹرک کے سالانہ امتحانات میں 84422 امیدواروں نے حصہ لیا اور کووڈ کی حکومتی پالیسی کے تحت 82593 پاس ہوئے اور نتیجہ کا تناسب 97.83 فیصد رہا۔ سرگودھا بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر کوثر رئیس نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر نتیجے کا باضابطہ اعلان کیا۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق بہاولپور بورڈ میں کامیابی کا تناسب 99.06 فیصد رہا۔ امتحان میں کل 104103 امیدواروں نے شرکت کی۔ جبکہ 103128 امیدوار کامیاب ہوئے۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق ساہیوال بورڈ میں کامیابی کا تناسب 99.23 فیصد رہا۔ سائنس گروپ میں امتحان دینے والے 39988 امیدوار میں سے 39683 امیدوار کامیاب جبکہ جنرل گروپ میں 29678 میں سے 29538 طلباء و طالبات کامیاب قرار پائے گئے۔راولپنڈی سے جنرل رپورٹر کے مطابق چیئرمین تعلیمی بورڈ، راولپنڈی ڈاکٹر غلام دستگیر کے مطابق 132959اُمیدواران شامل امتحان ہوئے۔ ان میں سے 131631اُمیدواران کامیاب ہوئے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 99.01 رہا۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق سیکنڈری بورڈ لاہور کے امتحان دینے والے 707 طلبہ نے 100 فیصد نمبر حاصل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ ایجوکیشن بورڈ کے تحت میٹرک میں 400 طلبہ نے 100 فیصد نمبر حاصل کر کے بورڈ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ 400 طلبہ نے آرٹس اور سائنس گروپ میں پورے نمبر حاصل کئے ہیں۔ چیئرمین ملتان تعلیمی بورڈ کے مطابق بورڈ میں دسویں کے 669 طلباء و طالبات نے 1100 میں 1100 نمبرز حاصل کر لئے۔ ڈیرہ غازی خان سے نیوز رپورٹر کے مطابق تعلیمی بورڈ نے میٹرک سالانہ 2021ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ کامیابی کا تناسب 99.35 فیصد رہا۔ 432 طلباء پورے 1100 نمبر لینے میں بھی کامیاب ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن